پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری) نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ہفتہ کے روز لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور محاذ پر تعینات جوانوں کے ساتھ عید منائی۔
دورے کا آغاز عید کی نماز سے ہوا، جس میں وطنِ عزیز کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، ساتھ ہی ان شہداء کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کو عید کی مبارکباد دی اور ان کے غیر متزلزل عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کو سراہا، جو وہ تمام تر چیلنجز کے باوجود انجام دے رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ محاذ پر اپنے اہلِ خانہ سے دُور رہ کر عید منانا، ملک کے دفاع کے اس اعلیٰ قومی مقصد کی علامت ہے جسے یہ سپاہی نبھا رہے ہیں۔
فوجی سربراہ نے معرکۂ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں فارمیشن کی کارکردگی کو سراہا اور شہداء و غازیوں کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔
آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے بچوں، خواتین اور بزرگوں سمیت بے گناہ پاکستانیوں کے نقصان کا جرأت مندانہ اور موثر جواب دے کر بھرپور بدلہ لیا ہے۔
جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل عاصم منیر نے اُن کے بلند حوصلے، عملی تیاری اور بھارتی فورسز کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے خلاف چوکسی کو سراہا۔
اُنہوں نے ہر قسم کی جارحیت کو روکنے اور اس کا موثر جواب دینے کی افواجِ پاکستان کی صلاحیت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی بھارتی تسلط کے خلاف دلیرانہ اور جائز جدوجہد کو ہرگز فراموش نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر کے مسئلے کا حل کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں ہونا چاہیے۔
آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر راولپنڈی نے اُن کا استقبال کیا۔