پاکستان کے محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ملک بھر میں شدید گرمی کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج ایک نوٹیفکیشن میں بتایا کہ 7 جون کو ملک میں بلند دباؤ کا نظام بننے کا امکان ہے جو 8 جون سے زیادہ تر علاقوں میں اثر انداز ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 7 جون سے 12 جون تک دن کے درجہ حرارت جنوبی حصے (اپر اور سینٹرل سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے کچھ حصے) میں معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
اسی دوران شمالی حصے (سنٹرل اور اپر پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان) میں دن کے درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی پیش گوئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے عوام خصوصاً بچوں، خواتین اور بزرگوں کو دن کے وقت براہ راست دھوپ سے بچنے اور پانی کا استعمال بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔
وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر 6 جون سے 9 جون 2025 تک چار دن کی سرکاری تعطیلات کا اعلان کیا ہے۔
یہ نوٹیفکیشن کابینہ ڈویژن نے پیر کو جاری کیا ہے اور یہ ہفتے میں پانچ اور چھ روز کام کرنے والے دونوں شعبوں پر لاگو ہوگا۔
اس فیصلے کی منظوری وزیر اعظم شہباز شریف نے دی ہے اور یہ کابینہ ڈویژن کی دسمبر 2024 میں جاری کردہ تعطیلات کے شیڈول کا تسلسل ہے۔