انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بدھ کے روز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی تازہ ترین رینکنگ جاری کی ہے جس میں پاکستانی کرکٹرز بابر اعظم اور رضوان کی تنزلی اور حارث کی شاندار ترقی نمایاں ہے۔
سابق کپتان بابر اعظم تین درجے تنزلی کے بعد 12ویں نمبر پر آ گئے ہیں، جبکہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان ایک درجہ نیچے 13ویں پوزیشن پر چلے گئے ہیں۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ موجودہ رینکنگ کے مطابق کوئی بھی پاکستانی کھلاڑی ٹاپ 10 میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکا ہے۔
نئی رینکنگ میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ پہلے نمبر پر براجمان ہیں، جب کہ بھارت کے ابھیشیک شرما دوسرے اور انگلینڈ کے فل سالٹ تیسرے نمبر پر ہیں۔
سینئر کھلاڑیوں کی تنزلی کے باوجود اُبھرتے ہوئے ٹیلنٹ محمد حارث نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 210 درجے ترقی حاصل کی اور اب وہ 30ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
اسی طرح حسن نواز نے بھی 57 درجے بہتری کے ساتھ 46ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
دیگر پاکستانی کھلاڑیوں نے بھی پیش رفت کی ہے ۔ صائم ایوب چار درجے بہتری کے ساتھ 61ویں نمبر پر پہنچے ہیں جبکہ کپتان سلمان علی آغا نے 42 درجے ترقی کے ساتھ 76ویں مقام حاصل کیا ہے۔
تازہ ترین رینکنگ پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں بدلتے ہوئے رجحانات کی عکاسی کرتی ہے، جہاں نوجوان کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر نمایاں پیش رفت کر رہے ہیں۔