ہیڈ لائن افراطِ زر بالآخر اپنی گراوٹ کا سلسلہ ختم کرکے مئی 2025 میں 3.5 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی، جو گزشتہ ماہ (اپریل) میں 0.3 فیصد اور گزشتہ سال اسی مدت کے دوران 11.8 فیصد تھی۔ اس تبدیلی کی بنیادی وجہ بیس ایفیکٹ ہے—گزشتہ گیارہ مہینوں کے دوران، بلند بیس ایفیکٹ کی وجہ سے مہنگائی کی شرح نیچے آتی رہی۔ اب جب کہ یہ چکر مکمل ہو چکا ہے، کم بیس ایفیکٹ نے مہنگائی کو اوپر کی جانب بڑھانا شروع کر دیا ہے۔
تاہم، گزشتہ بارہ مہینوں میں سے چھ مہینوں کے دوران ماہانہ بنیاد پر افراطِ زر منفی رہی، اس لیے بیس ایفیکٹ کے پلٹنے کے باوجود افراطِ زر کی موجودہ شرح اسٹیٹ بینک کے 5 سے 7 فیصد کے درمیانی مدت کے ہدف سے کم ہے۔ یہ امکان ہے کہ رواں کیلنڈر سال کے باقی عرصے میں افراطِ زر 5 فیصد سے کم ہی رہے گی۔
مئی کے مہینے میں، ماہانہ بنیاد پر افراطِ زر میں 0.2 فیصد کمی واقع ہوئی۔ اس کی وجہ خوراک (منفی 0.2 فیصد)، ٹرانسپورٹ (منفی 0.2 فیصد)، تفریح اور ثقافت (منفی4.7 فیصد)، اور رہائش و سہولیات ( منفی1.2 فیصد) کی قیمتوں میں کمی رہی۔ یہ کمی لباس (1 فیصد)، تعلیم (0.7 فیصد)، اور متفرق اشیاء (1.7 فیصد) میں اضافے کے باوجود مجموعی افراطِ زر کو کم کرنے میں کامیاب رہی۔
سب سے نمایاں کمی بجلی کے نرخوں میں دیکھنے میں آئی۔ مئی میں مسلسل ساتویں مہینے بجلی کی قیمتوں میں کمی ہوئی، جو اس بار 7.0 فیصد رہی۔ یہ کمی مالی سال 2025 کی تیسری سہ ماہی کے لیے منفی 1.55 روپے فی یونٹ سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ (کیو ٹی اے) کے نفاذ کے باعث ہوئی، جو مئی سے نافذ ہوا، اور یہ پہلے سے موجود 1.9 روپے فی یونٹ کیو ٹی اے کے علاوہ ہے۔
خوراک کے زمرے میں گندم کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی—ماہانہ بنیاد پر 7.3 فیصد کمی۔ اس کمی نے گندم کا آٹا اور گندم سے بنی مصنوعات کی قیمتوں کو بھی نیچے دھکیلا، جس کا اثر دیگر خوراک کی اشیاء پر بھی پڑا۔ مزید برآں، ٹماٹر اور پیاز جیسے خراب ہونے والے اجناس کی قیمتیں بھی نمایاں طور پر کم ہوئیں۔
تاہم بنیادی افراطِ زر (کور انفیلیشن) اسی رفتار سے نیچے نہیں آئی۔ مئی میں یہ 7.8 فیصد رہی (شہری بنیادی افراطِ زر: 7.3 فیصد، دیہی بنیادی افراطِ زر: 8.8 فیصد)، جبکہ اپریل میں 8 فیصد اور گزشتہ سال مئی میں 14.2 فیصد تھی۔
مجموعی طور پر افراطِ زر میں کمی کی وجہ خوراک کی قیمتوں میں گراوٹ ہے—جس کی ایک وجہ گندم کی امدادی قیمت کا عدم نفاذ ہے—اور عالمی کموڈیٹی قیمتوں میں مجموعی کمی بھی اہم وجہ ہے۔ توانائی کی قیمتیں، خاص طور پر ایندھن اور بجلی، بھی کم ہو رہی ہیں، اور روپے کی قدر مستحکم رہنے سے یہ رجحان برقرار ہے۔
تاہم، پچھلی بلند افراطِ زر کے ثانوی اثرات ابھی تک باقی ہیں۔ اس کا نتیجہ یہ ہے کہ صحت، تعلیم، اور متفرق زمروں میں افراطِ زر اب بھی دو عددی سطح پر ہے، جبکہ لباس اور جوتے جیسی اشیاء عید سے جڑی موسمی طلب کی وجہ سے اس سطح کے قریب پہنچ رہی ہیں۔
شہری اور دیہی علاقوں میں افراطِ زر کے رجحانات میں فرق سامنے آ رہا ہے۔ مئی 2025 میں شہری علاقوں میں خوراک کی افراطِ زر 5.3 فیصد رہی جبکہ دیہی علاقوں میں یہ صرف 2.1 فیصد تھی۔ دوسری طرف، غیر خوراک زمروں میں شہری افراطِ زر 2.4 فیصد جبکہ دیہی افراطِ زر 4.6 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ اس کے باوجود، مجموعی ہیڈ لائن افراطِ زر دونوں علاقوں میں تقریباً ایک جیسی رہی: شہری علاقوں میں 3.5 فیصد اور دیہی علاقوں میں 3.4 فیصد۔
طلب کے دباؤ اور معاشی سرگرمیوں کی سطح میں خطوں کے لحاظ سے فرق موجود ہے۔ مالی سال 2025 کے پہلے گیارہ مہینوں کے دوران اوسط افراطِ زر 4.6 فیصد رہی، جو گزشتہ سال اسی عرصے کے دوران 24.5 فیصد تھی۔ یہ رجحان مستحکم رہنے کی توقع ہے، اور اگر کوئی بیرونی یا موسمیاتی جھٹکا نہ آیا تو سال 2025 میں افراطِ زر 5 فیصد سے نیچے ہی رہنے کی پیش گوئی ہے۔ اس سے اسٹیٹ بینک کو شرح سود میں مزید کمی کا موقع مل سکتا ہے۔