مارکٹس

مئی کے دوران مہنگائی بڑھنے کی شرح 3.5 فیصد ریکارڈ

  • پاکستان میں مہنگائی حالیہ برسوں کے دوران ایک سنگین اور مسلسل معاشی چیلنج رہی ہے
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان میں مئی 2025 کے دوران سالانہ بنیاد پر مہنگائی بڑھنے کی شرح 3.5 فیصد ریکارڈ کی گئی جو اپریل 2025 کے 0.3 فیصد سے زیادہ ہے۔ یہ اعدادوشمار پیر کو پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس (پی بی ایس) نے جاری کیے۔

مئی 2025 کے دوران ماہانہ بنیاد پر مہنگائی بڑھنے کی شرح میں 0.2 فیصد کمی ہوئی جو گزشتہ ماہ (اپریل 2025) میں 0.8 فیصد جب کہ مئی 2024 میں 3.2 فیصد کمی کے مقابلے میں کم ہے۔


Headline Inflation YoY

Headline Inflation YoY


رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ (جولائی تا مئی) کے دوران صارف قیمت اشاریہ (سی پی آئی ) کے تحت مہنگائی کی رفتار کی اوسط شرح 4.61 فیصد رہی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 24.52 فیصد تھی۔

پاکستان میں مہنگائی حالیہ برسوں کے دوران ایک سنگین اور مسلسل معاشی چیلنج رہی ہے۔ مئی 2023 میں صارف قیمت اشاریہ (سی پی آئی) کے تحت مہنگائی بڑھنے کی شرح بلند ترین سطح 38 فیصد تک پہنچ گئی تھی تاہم اس کے بعد سے مہنگائی بڑھنے کی شرح میں مسلسل کمی دیکھی جارہی ہے۔

گزشتہ ماہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی ) کی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) نے شرح سود میں 100 بیسز پوائنٹس کی کمی کرتے ہوئے اسے 11 فیصد مقرر کیا جو مارچ 2022 (9.75 فیصد) کے بعد سے سب سے کم پالیسی ریٹ ہے۔

مرکزی بینک نے جون سے اب تک شرح سود میں مجموعی طور پر 1,100 بیسز پوائنٹس کی کمی کی ہے جو کہ 22 فیصد کی تاریخی بلند ترین سطح سے کی گئی ہے۔

سی پی آئی کی شرح حکومت کی توقعات سے زیادہ ہے۔

وزارتِ خزانہ نے اپنی ماہانہ اقتصادی رپورٹ میں توقع ظاہر کی کہ مئی میں سالانہ بنیاد پر مہنگائی بڑھنے کی شرح 1.5 فیصد سے 2 فیصد کے درمیان رہنے کے بعد جون میں 3 فیصد سے 4 فیصد تک بڑھ جائے گی۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق برآمدات اور ترسیلات زر آئندہ چند ماہ میں بھی بڑھتے رہنے کی توقع ہے جس سے آنے والے مہینوں میں کرنٹ اکاؤنٹ مستحکم اور کنٹرول میں رہنے کا قوی امکان ہے۔

دوسری جانب تازہ ترین سی پی آئی کے اعدادوشمار کئی بروکریج ہاؤسز کی پیش گوئیوں سے بھی بلند رہے ہیں۔

جے ایس گلوبل نے پیش گوئی کی تھی کہ پاکستان کی ہیڈ لائن مہنگائی مئی میں 2.7 فیصد تک پہنچ جائے گی۔

جے ایس گلوبل نے کہا کہ متوقع ہے کہ مئی میں پاکستان کی سی پی آئی مہنگائی 2.7 فیصد تک رہے گی۔ بیس ایفیکٹ کمزور پڑ رہا ہے، جو قیمتوں کے استحکام کی طرف واپسی کی نشاندہی کرتا ہے۔ اس کے نتیجے میں 11 ماہ مالی سال 25 کی اوسط مہنگائی 4.7 فیصد تک محدود رہنے کی توقع ہے جو گزشتہ سال کے 24.9 فیصد کے مقابلے میں نمایاں کمی ہے۔

دوسری جانب انسائٹ سیکیورٹیز نے توقع ظاہر کی ہے کہ مئی میں مہنگائی بڑھنے کی شرح 3.4 فیصد تک پہنچ جائے گی۔

شہری اور دیہی مہنگائی

مئی 2025 کے دوران شہری علاقوں کی مہنگائی بڑھنے کی شرح سالانہ 3.5 فیصد تک پہنچ گئی جو گزشتہ ماہ کے 0.5 فیصد اور مئی 2024 کے 14.3 فیصد کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔

ماہانہ بنیاد پر مئی 2025 میں مہنگائی بڑھنے کی شرح میں 0.1 فیصد اضافہ ہوا، جو پچھلے ماہ کی 0.7 فیصد کمی اور مئی 2024 کی 2.8 فیصد کمی سے نمایاں بہتری کی عکاسی کرتا ہے۔

مئی 2025 کے دوران دیہی علاقوں میں سی پی آئی مہنگائی بڑھنے کی شرح سالانہ بنیادوں پر 3.4 فیصد تک پہنچ گئی، جو پچھلے مہینے کی 0.1 فیصد کمی اور مئی 2024 کی 8.2 فیصد مہنگائی کے مقابلے میں واضح اضافہ ہے۔

ماہانہ بنیاد پر مئی 2025 کے دوران دیہی علاقوں میں مہنگائی بڑھنے کی شرح میں 0.5 فیصد کمی ہوئی جو پچھلے مہینے کی 1.0 فیصد کمی اور مئی 2024 کی 3.9 فیصد کمی سے کم ہے۔