آج نیوز کے مطابق بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے مضافاتی علاقے میں ہفتے کو ایک بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم دو افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہو گئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک قبائلی رہنما اور ان کا بھائی شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق تقریباً دو سو مسلح افراد نے کوئٹہ کے نواحی علاقے ہنہ اورک کے قریب کوئلہ کانوں پر حملہ کیا۔ حملہ آوروں نے کوئلہ کانوں اور وہاں موجود آلات کو آگ لگا دی۔

حملے کی اطلاع ملنے پر کوئلہ کانوں کے مالکان جائے وقوعہ پر پہنچے جہاں حملہ آوروں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ حملہ آور فرار ہوتے وقت مختلف مقامات پر دیسی ساختہ بارودی سرنگیں نصب کرگئے۔

جب کان مالکان اور ان کے ساتھی حملہ آوروں کا پیچھا کر رہے تھے، تو وہ ایک دھماکے کی زد میں آ گئے جو آئی ای ڈی ڈیوائس سے ہوا ۔ اس دھماکے کے نتیجے میں قبائلی رہنما اور کوئلہ کان کے مالک اپنے بھائی سمیت جاں بحق ہو گئے جب کہ چھ دیگر افراد زخمی ہوئے۔

یہ واقعے ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف کوئٹہ میں ایک گرینڈ جرگے میں شرکت کے لیے پہنچے تھے۔