پاکستان نے کابل میں اپنے ناظم الامور کے عہدے کو سفیر کے درجے پر ترقی دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

بین الاقوامی قوانین کے مطابق، ناظم الامور کو بھی وہی مراعات اور استثنیٰ حاصل ہوتا ہے جو ایک سفیر کو حاصل ہوتا ہے، اور عموماً یہ معاونین کو بھی ان سہولیات تک رسائی حاصل ہوتی ہے تاہم، رسمی سفارتی تقریبات میں سفیروں کو ناظم الامور پر برتری حاصل ہوتی ہے۔

جمعے کے روز ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ 19 اپریل 2025 کو پاکستانی وفد کے ساتھ میرے کامیاب اور نتیجہ خیز دورہ کابل کے بعد پاکستان اور افغانستان کے تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس مثبت پیش رفت کو برقرار رکھنے کے لیے، مجھے خوشی ہے کہ میں حکومتِ پاکستان کے اس فیصلے کا اعلان کر رہا ہوں کہ کابل میں ہمارے ناظم الامورکے عہدے کو سفیر کے درجے پر ترقی دی جا رہی ہے۔

اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ قدم دو برادر ممالک کے درمیان روابط کو مزید مضبوط کرے گا، پاک۔افغان تعاون کو معیشت، سیکورٹی، انسداد دہشت گردی اور تجارت کے شعبوں میں مزید مضبوط کرے گا جبکہ باہمی تبادلوں کو فروغ دے گا۔