وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف دو روزہ سرکاری دورے پر تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے پہنچ گئے ہیں جہاں وہ باہمی تعاون کو فروغ دینے اور علاقائی چیلنجز پر بات چیت کریں گے۔ وزیرِ اعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم ہے۔
دوشنبے ایئرپورٹ پہنچنے پر وزیرِ اعظم کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ تاجک وزیرِ اعظم کوخیر رسول زودا، نائب وزیرِ خارجہ شریف زودا فاروخ حمیدین، پاکستان میں تعینات تاجک سفیر یوسف شریف زودا اور تاجکستان میں پاکستان کے سفیر محمد سعید سرور نے ان کا خیرمقدم کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی سید طارق فاطمی بھی وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ہمراہ ہیں۔
اپنے دورہ تاجکستان کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف تاجک صدر امام علی رحمان سے اعلیٰ سطح ملاقات کریں گے جس میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر بات چیت کی جائے گی۔
وزیرِ اعظم اس موقع پر جنوبی ایشیا میں حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کی حمایت پر تاجکستان کا شکریہ بھی ادا کریں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف دوشنبے میں گلیشیئرز کے تحفظ پر ہونے والی ایک اعلیٰ سطح بین الاقوامی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔
اپنے خطاب میں وہ ”پاکستان پر ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات“ کو اجاگر کریں گے اور ماحولیاتی تحفظ اور گلیشیئرز کے تحفظ کے لیے ملک کے ”غیر متزلزل عزم“ کا اعادہ کریں گے۔
یہ دورہ وسطی ایشیا کے ساتھ پاکستان کی سفارتی روابط کو مضبوط بنانے اور عالمی سطح پر ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق پاکستان کے قائدانہ کردار کو اجاگر کرتا ہے۔