بینک الفلاح لمیٹڈ (بی اے ایف ایل)، جو پاکستان کے بڑے کمرشل بینکوں میں سے ایک ہے، کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے بنگلہ دیش میں اپنی شاخوں کو ڈھاکہ میں قائم نجی شعبے کے کمرشل بینک، بینک ایشیا لمیٹڈ کو فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
بینک الفلاح نے یہ پیش رفت جمعرات کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جاری کردہ نوٹس میں ظاہر کی۔
نوٹس میں کہا گیا کہہمیں یہ اطلاع دیتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ بینک الفلاح لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے بینک کی بنگلہ دیش میں موجود شاخوں کو بینک ایشیا لمیٹڈ، ڈھاکہ، بنگلہ دیش کو فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
یہ لین دین اس وقت مکمل ہوگا جب اسٹیٹ بینک آف پاکستان ، بنگلہ دیش کے مرکزی بینک اور/یا کسی اور متعلقہ ریگولیٹری ادارے کی منظوری حاصل کی جائے گی، تمام قانونی اور انتظامی تقاضے پورے کیے جائیں گے اور حتمی معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔
اس سلسلے میں مفاہمتی یادداشت پر(ایم او یو)28 مئی 2025 کو دستخط ہوئے تھے۔
بینکوں کا تعارف:
بینک ایشیا کی بنیاد 1999 میں رکھی گئی۔ اس نے اپنے آپریشنز کو اُس وقت وسعت دی جب اس نے بینک آف نووا اسکاٹیا کی شاخوں اور مسلم کمرشل بینک لمیٹڈ (ایم سی بی) کی بنگلہ دیشی شاخوں کو خریدا۔ 2001 میں، اس نے اسکوٹیا بینک کے آپریشنز حاصل کیے، جو 1999 میں بنگلہ دیش میں داخل ہوا تھا۔
بینک الفلاح پاکستان کے بڑے بینکوں میں سے ایک ہے، جس کا ملکی نیٹ ورک 1,024 سے زائد شاخوں پر مشتمل ہے جو 200 سے زائد شہروں میں پھیلا ہوا ہے، جبکہ اس کی بین الاقوامی موجودگی افغانستان، بنگلہ دیش، بحرین اور متحدہ عرب امارات میں بھی ہے۔
بینک الفلاح نے 31 مارچ 2025 کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے لیے 7.04 ارب روپے بعد از ٹیکس منافع ظاہر کیا، جو فی حصص آمدن (ای پی ایس) 4.46 روپے کے برابر ہے۔بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے فی حصص 2.5 روپے یعنی 25 فیصد عبوری نقد منافع بھی منظور کیا ہے۔