ڈپٹی وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار 29 سے 30 مئی تک چین کے خصوصی انتظامی علاقے ہانگ کانگ کا دورہ کریں گے، جہاں وہ بین الاقوامی تنظیم برائے ثالثی (آئی او میڈ) کے قیام سے متعلق کنونشن پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

دفترِ خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈپٹی وزیراعظم اس کنونشن پر دستخط کریں گے اور 30 مئی کو تقریب میں کلیدی خطاب بھی کریں گے۔

دورے کے دوران اسحاق ڈار مختلف دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے جو اس تقریب کے موقع پر منعقد ہوں گی۔

پاکستان بین الاقوامی تنظیم برائے ثالثی (آئی او میڈ) کے بانی ارکان میں شامل ہے اور اس کے مقاصد کی بھرپور حمایت کا اظہار کر چکا ہے۔ اسلام آباد اس اقدام کو بین الاقوامی تنازعات کے پرامن حل اور ثالثی کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیتا ہے۔

دورے سے قبل جاری کردہ بیان میں دفتر خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے منشور، بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے نفاذ کے اصولوں پر کاربند ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ثالثی، سفارت کاری اور مکالمہ دنیا میں امن، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے بنیادی ذرائع ہیں۔