وزیراعلی مراد علی شاہ نے سندھ انوویٹیو اسٹارٹ اپس ایگزی بیشن 2025ء کا افتتاح کردیا
صدر ایف پی سی سی آئی،صدر عاطف اکرام شیخ نے بتایا ہے کہ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے فیڈریشن ہاؤس کراچی میں سندھ انوویٹیو اسٹارٹ اپس ایگزی بیشن 2025ء کا افتتاح کیا جس کا مقصد صوبے میں نئے ہائی ٹیک کاروباری اداروں کی حوصلہ افزائی، صنعتی وتعلیمی اداروں کے مابین اشتراک کار، ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کا فروغ، درآمدی متبادلات کی تیاری، ٹیکنالوجی کی بنیاد پرکاروباری و اقتصادی ترقی اور ملک میں ٹیک انٹرپرینیورشپ کے ایکو سسٹم کا قیام تھا۔
عاطف اکرام شیخ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایف پی سی سی آئی یہ سمجھتی ہے کہ پاکستان کی معیشت کا مستقبل جدت پسندی، انٹرپرینیورشپ اور ٹیکنالوجی پر مبنی تعاون میں مضمر ہے اور اب وہ وقت آ گیا ہے کہ انڈسٹری اکیڈمیا کے لیے اپنے دروازے کھولے۔یہ امر نہ صرف ایک پارٹنر شپ کے طور پر ہو بلکہ مستقبل میں ملکی ترقی اور مسابقت کے ضامن کے طور پر ہو۔
انہوں نے چیئرمین سندھ ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر طارق رفیع کی تعلیمی اثرات کی حدود کو کلاس روم سے آگے اور معیشت میں کردار ادا کرنے کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے ایف پی سی سی آئی کی مرکزی قائمہ کمیٹی برائے ہائر ایجوکیشن، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی کنوینر م ماہین سلمان کی انتھک عملی کاوشوں کو بھی سراہا ۔
وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے یونیورسٹیوں اور ان کے آر اینڈ ڈی سر گرمیوں کے لیے اپنی حکومت کی حمایت کا اعادہ بھی کیا کیونکہ یہی واحد پائیدار راستہ ہے جس سے سندھ میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو تعمیری اور پیداواری انداز میں بروئے کار لا کر مضبوط اقتصادی ماحول قائم کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ سندھ تمام صوبوں میں سب سے زیادہ فنڈز یونیورسٹیوں کے لیے مختص کرتا ہے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2025