یوم تکبیر، صدر، وزیر اعظم اور مسلح افواج کا خودمختاری کے تحفظ کا عزم
- پاکستان کی جوہری صلاحیت ایک مؤثر اور قابلِ اعتماد دفاعی صلاحیت کے طور پر کام کر رہی ہے، صدر مملکت
صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے بدھ کو یومِ تکبیر کے موقع پر پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کو دہرایا ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کی جوہری صلاحیت ایک مؤثر اور قابلِ اعتماد دفاعی صلاحیت کے طور پر کام کر رہی ہے جو امن کی ضامن ہے اور اس امر کو یقینی بناتی ہے کہ کوئی ہماری خودمختاری اور قومی سلامتی کو نقصان نہ پہنچا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تنازع نہیں چاہتا اور پرامن بقائے باہمی اور بین الاقوامی قانون کے احترام کے اصولوں پر کاربند ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے حالیہ بھارتی جارحیت کے جواب میں اپنے اسٹریٹجک صبر اور امن کے عزم کا عملی مظاہرہ کیا۔
اپنے پیغام میں وزیر اعظم شہباز شریف نے ان عظیم سائنسدانوں اور انجینئروں کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے پوری قوم کے خواب اور عزم کو حقیقت میں بدلا۔
انہوں نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہہم اپنی بہادر مسلح افواج کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے داخلی و خارجی خطرات کے مقابلے میں قوم کی سرحدوں کے دفاع کے لیے اپنی غیر متزلزل عزم اور حوصلے کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسی اتحاد اور عزم کے ساتھ ہم پاکستان کو ایک مضبوط معاشی قوت میں ڈھالنے کا عہد کرتے ہیں جو دنیا کے لیے رشک کا باعث بنے گا۔
دوسری جانب، پاکستان کی مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تمام سروسز چیفس نے بھی قوم کو یومِ تکبیر کی دلی مبارکباد پیش کی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یومِ تکبیر 1998 کے اس تاریخی لمحے کی یاد دلاتا ہے جب پاکستان نے جوہری طاقت بن کر جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک توازن بحال کیا اور اپنے خودمختار دفاع کے حق کا اظہار کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ تاریخی کامیابی قوم کے عزم، اتحاد اور باوقار و پُرامن زندگی کے حصول کے غیر متزلزل جذبے کی علامت ہے۔
پاکستان کی مسلح افواج ہر طرح کے خطرات کے خلاف مادرِ وطن کے دفاع کے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔
بیان کے مطابق قوم کے اسٹریٹجک اثاثوں کے ذمہ دار نگہبان ہونے کے ناتے، ہم ایک بار پھر اس بات کو دہراتے ہیں کہ ہماری جوہری صلاحیت مکمل طور پر دفاعی مقاصد کے لیے ہے اور امن کی ضامن ہے۔