وزیر اعظم شہباز شریف کی آذربائیجانی صدر سے ملاقات، اسٹریٹجک تعلقات مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے منگل کے روز آذربائیجان، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سہ فریقی سربراہی اجلاس سے قبل آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کی۔
یہ ملاقات آذربائیجان کے یومِ آزادی کے موقع پر لاچین شہر میں ہوئی، جو آذربائیجان کی مضبوطی اور تنازع کے بعد بحالی کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
پاکستانی اعلیٰ سطح وفد میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی شامل تھے۔
مذاکرات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی تعلقات میں بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
دونوں سربراہان نے مشترکہ سرمایہ کاری اور باہمی مفاد پر مبنی اقدامات کے ذریعے اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے صدر علیوف اور آذربائیجان کے عوام کو یومِ آزادی پر دلی مبارکباد پیش کی اور پاکستان و بھارت کے حالیہ تناؤ کے دوران باکو کی جانب سے بھرپور یکجہتی کو سراہا۔
انہوں نے آذربائیجانی قیادت اور عوام کی بھرپور حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان کے عوام نے معرکہ حق میں پاکستان کی کامیابی کا جشن منایا۔
صدر علیوف اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سرمایہ کاری کے شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا اور دونوں ممالک نے جلد اعلیٰ سطح وفود کی بات چیت شروع کرنے کا اعلان کیا تاکہ ممکنہ مواقع کا جائزہ لیا جا سکے۔
دونوں فریقین نے علاقائی استحکام، اقتصادی انضمام اور عالمی مسائل پر اصولی مؤقف اپنانے کے لیے مربوط کوششوں پر زور دیا۔
ملاقات کا اختتام پاکستان اور آذربائیجان کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور دوطرفہ و کثیرالملکی سطح پر تعاون بڑھانے کے عزم کی تجدید کے ساتھ ہوا۔