توانائی کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے سپلائی سیکشن کے لیے مالی سال 2024 سے 2030 تک کے نئے کثیر سالہ ٹیرف کی منظوری دیدی۔
کے الیکٹرک نے اس پیشرفت کا اشتراک پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو منگل کو بھیجے گئے نوٹس میں کیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا کہ کے الیکٹرک مطلع کرنا چاہتی ہے کہ نیپرا نے مالی سال 2024 سے 2030 تک سپلائی سیکشن کے لیے کثیر سالہ ٹیرف کی منظوری دہدی ہے۔
کے-الیکٹرک نے نیپرا کو یہ درخواست 27 دسمبر 2023 میں جمع کرائی تھی۔
نوٹس میں مزید کہا گیا کہ کمپنی اس فیصلے کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہے اور اگر ضرورت ہوئی تو قانونی طریقہ کار کے تحت دستیاب اقدامات کرے گی۔
اس سے قبل نیپرا نے مالی سال 2024 سے 2030 تک کے لیے کے الیکٹرک کے ٹرانسمیشن اور ڈسٹریبیوشن نیٹ ورک کے کثیر سالہ ٹیرف کا اعلان کیا تھا۔
مارکیٹ ماہرین نے کہا کہ یہ خوش آئند پیش رفت ہے، اس سے کمپنی کی قدر میں اضافہ ہوتا ہے اور کے الیکٹرک کو کراچی کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات کو پائیدار طریقے سے پورا کرنے کا موقع ملے گا۔
دریں اثنا، کے الیکٹرک نے منگل کو اپنے نوٹس میں بتایا کہ کثیر سالہ ٹیرف کے دوران منظور شدہ سرمایہ کاری منصوبے کے جائزہ کی درخواست پر نیپرا کی جانب سے فیصلہ زیر غور ہے۔
کے الیکٹرک نے پیر کو کہا تھا کہ سپلائی سیکشن کی منظوری اور جائزہ کی درخواست کا فیصلہ کمپنی کے فنانشل اسٹیٹمنٹ کے لیے 30 جون 2023 کے بعد انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
کے الیکٹرک ایک مکمل یوٹیلیٹی کمپنی ہے جو کراچی اور اس کے مضافات کو اپنی خدمات فراہم کرتی ہے۔