ذوالحج کا چاند نظر نہیں آیا اور عیدالاضحیٰ بروز ہفتہ 7 جون کو منائی جائے گی۔ اس بات کا اعلان مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا محمد عبدالخبیر آزاد نے منگل کی شام کو کیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا محمد عبدالخبیر آزاد نے بتایا کہ ذوالحج کا پہلا دن جمعرات 29 مئی 2025 کو ہوگا جبکہ عیدالاضحیٰ بروز ہفتہ 7 جون کو منائی جائے گی۔

یہ اعلان اسلام آباد میں مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد کیا گیا جس کا مقصد 1446 ہجری کے ذوالحج کے چاند کی رویت اور اس سال عیدالاضحیٰ کی تاریخوں کی تصدیق کرنا تھا۔

اس موقع پر زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے مراکز پر منعقد ہوئے جہاں عیدالاضحیٰ کے چاند کی رویت کا جائزہ لیا گیا۔

واضح رہے کہ اگر چاند 27 مئی کو نظر آتا تو عیدالاضحیٰ جمعہ 6 جون کو منائی جاتی۔

علاوہ ازیں سپارکو کے مطابق پاکستان میں عیدالاضحیٰ غالباً 7 جون 2025 کو منائی جائے گی۔

ایک بیان میں سپارکو نے بتایا کہ فلکیاتی حسابات کے مطابق ذوالحج کا نیا چاند 27 مئی 2025 کو رات 8:02 بجے (پاکستانی وقت) پیدا ہوگا۔

حج کا آغاز ذوالحج کی 8 تاریخ سے ہوتا ہے اور 13 تاریخ تک جاری رہتا ہے۔ اس سال حج کی متوقع تاریخیں 4 جون سے 9 جون 2025 کے درمیان ہیں۔