ڈیجیٹل ادائیگی کے نظام دنیا بھر کی معیشتوں کو تیزی سے بدل رہے ہیں۔ ان کے ذریعے شفافیت میں اضافہ، غیر رسمی معیشت میں کمی، رقم کی گردش میں تیزی اور جامع اقتصادی ترقی کو فروغ حاصل ہو رہا ہے۔ اسی تناظر میں پاکستان کا ڈیجیٹل ادائیگی پلیٹ فارم، راست، تیزی سے ملک کے ڈیجیٹل مالیاتی ڈھانچے کی بنیاد بن چکا ہے۔

اب تک 43 ملین سے زائد صارفین، 8 لاکھ 41 ہزار تاجر اور 36 بینک راست میں شامل ہو چکے ہیں، اور یہ پلیٹ فارم اب روزانہ 45 لاکھ سے زائد لین دین کو پراسیس کرتا ہے۔ اس کی مقبولیت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ صرف مالی سال 2025 کی پہلی سہ ماہی میں لین دین کی تعداد 37 کروڑ 10 لاکھ تک پہنچ گئی اور ان کی مالیت 8.5 کھرب روپے تک جا پہنچی۔ مہنگے بین الاقوامی کارڈ نیٹ ورکس کے برعکس، راست صفر لاگت پر کیو آر کوڈ، آئی بی اے این اور موبائل نمبر پر مبنی لین دین کی سہولت فراہم کرتا ہے، جسے قومی سطح پر پھیلایا گیا ہے اور اسے مکمل حکومتی تعاون حاصل ہے۔ اپنے آغاز سے اب تک راست 34 کھرب روپے سے زائد کی لین دین پراسیس کر چکا ہے، جس کے باعث نقدی پر انحصار اور غیر ملکی ادائیگی نیٹ ورکس کی ضرورت میں نمایاں کمی آئی ہے۔

تاہم، راست کی تکنیکی کامیابی کے باوجود پاکستان مجموعی طور پر ڈیجیٹل ادائیگی کے استعمال میں پیچھے ہے۔ اس خلا کی بنیادی وجہ ساختی اور رویہ جاتی رکاوٹیں ہیں۔ ساختی طور پر ملک کو کم سطح کی ڈیجیٹل اور مالیاتی خواندگی، تاجروں کے لیے کمزور مراعات اور بکھرے ہوئے آن بورڈنگ کے طریقہ کار کا سامنا ہے۔

رویہ جاتی طور پر پاکستان میں نقدی پر شدید انحصار معیشت کے لیے ایک بڑی رکاوٹ ہے۔ یہ غیر رسمی معیشت کو برقرار رکھتا ہے، ٹیکس آمدن کو محدود کرتا ہے اور سرمایہ کاری کی صلاحیت کو دباتا ہے۔ اس وقت ملک کی کل رقم کی فراہمی کا 25 فیصد، یعنی 9 کھرب روپے سے زائد، نقدی کی صورت میں گردش میں ہے، جو علاقائی اوسط 6.5 فیصد سے کہیں زیادہ ہے۔

نقدی کی یہ بالادستی پاکستان میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی کم ترین شرح 10 فیصد اور غیر رسمی شعبے کی بلند ترین سطح 57 فیصد کا باعث ہے، جو بھارت اور برازیل جیسے ہم پلہ ممالک کے مقابلے میں نمایاں زیادہ ہے۔ یہ چیلنجز مزید پیچیدہ ہو جاتے ہیں جب پالیسی کی جمود اور ادارہ جاتی ہچکچاہٹ کو دیکھا جائے، جن کی بڑی وجہ آئی ایم ایف کی جانب سے مسلط کردہ محصولاتی اہداف ہیں۔

بھارت کی یونائیٹڈ پیمنٹس انٹرفیس کے ساتھ حیران کن کامیابی پاکستان کے لیے قیمتی اسباق اور قابل عمل ماڈل فراہم کرتی ہے، جنہیں پاکستان راست کے ذریعے اپنا سکتا ہے۔ 2016 میں آغاز کے بعد، یو پی آئی نے بھارت کے مالیاتی منظرنامے کو مکمل طور پر بدل دیا ہے۔ یہ 2024 تک 5.8 ٹریلین امریکی ڈالر کی لین دین کو پراسیس کر چکا ہے، 109 ارب ڈالر کی بچت پیدا کی ہے، اور بھارت میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کا 83 فیصد اسی کے ذریعے ہوتا ہے۔

یہ تبدیلی حکومتی سرمایہ کاری، ضابطہ جاتی مراعات اور ٹیکس فوائد کے ذریعے ممکن ہوئی، جو تاجروں، صارفین اور مالیاتی اداروں کو مخصوص طور پر فراہم کیے گئے تھے۔ اس کے نتیجے میں بھارت میں نقدی پر انحصار نمایاں طور پر کم ہوا ہے، اور کیش ٹو جی ڈی پی کا تناسب 14 فیصد سے کم ہو کر 11.5 فیصد تک آ گیا ہے، جو رسمی اور قابل نگرانی معیشت کی طرف ایک واضح پیش رفت کی علامت ہے۔

اسی طرح، پاکستان بھی مخصوص اقدامات اٹھا سکتا ہے، جیسے کہ ڈیجیٹل ادائیگی کے لیے لازمی حد مقرر کرنا، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز استعمال کرنے والے تاجروں کے لیے ٹیکس واجبات میں رعایت دینا، اور سپلائرز اور ریٹیلرز کے درمیان ڈیجیٹل لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس میں کمی کرنا۔ راست پر مبنی ادائیگی کا نظام صفر لاگت پر ٹرانزیکشنز، ملک گیر وسعت، مکمل باہمی ہم آہنگی اور حکومتی نظام میں مکمل انضمام فراہم کرتا ہے—اس کے برعکس روایتی کارڈ پر مبنی نظام مہنگا، شہری علاقوں تک محدود اور زرمبادلہ کے نمایاں اخراجات کا سبب بنتا ہے۔ مقامی ادائیگی کے نظام کی بدولت راست زرمبادلہ کی بچت، مالی شمولیت میں توسیع اور پائیدار ڈیجیٹل ڈھانچے کی بنیاد رکھتا ہے۔

پاکستان کو نقدی کے استعمال کی حوصلہ شکنی پر بھی غور کرنا چاہیے تاکہ اپنانے کی رفتار میں اضافہ ہو۔ اس مقصد کے لیے نقد ادائیگیوں پر بتدریج ودہولڈنگ ٹیکس متعارف کروایا جا سکتا ہے۔ مزید برآں، تاجروں کو ایف بی آر کے ای-انوائسنگ اور ڈیجیٹل پی او ایس سسٹمز سے وسیع پیمانے پر منسلک کرنے کو فروغ دیا جا سکتا ہے، جو شفافیت اور مالی احتساب کو بہتر بنانے کے لیے ایک مضبوط اثر پیدا کرے گا۔

اہم بات یہ ہے کہ جن محصولات پر نرمی کی تجویز دی گئی ہے، وہ مجموعی ٹیکس آمدن میں بہت کم حصہ ڈالتی ہیں۔ لہٰذا، ان مراعات کی فراہمی سے نہ تو مالی آمدن پر بڑا اثر پڑے گا، اور نہ ہی یہ آئی ایم ایف کی شرائط کی خلاف ورزی ہو گی۔ اس کے برعکس، ایسی اصلاحات غیر رسمی معیشت میں کمی اور ڈیجیٹل لین دین کے حجم میں اضافے کے ذریعے اقتصادی دائرہ کار کو وسیع کر سکتی ہیں۔

تخمینے کے مطابق، راست سالانہ 1.1 کھرب روپے سے زائد کے اقتصادی فوائد پیدا کر سکتا ہے—جزوی طور پر حکومت کے لیے ٹیکس کی بچت کی صورت میں، لیکن زیادہ تر وسیع تر اثرات اور معیشت میں لین دین کی لاگت میں کمی کے ذریعے ایسا ہوسکتا ہے۔

معاشی دلیل نہایت مضبوط ہے: نقدی سے پاک معیشت کی طرف منتقلی—جیسا کہ بھارت کے تجربے سے ظاہر ہوتا ہے—رقم کی گردش میں نمایاں تیزی لاتی ہے۔ تیز رفتار گردش صارفین کے اخراجات میں اضافہ کرتی ہے، کاروباری وسعت کو متحرک کرتی ہے، اور معیشت میں حرکت و توانائی کو فروغ دیتی ہے—جس کے نتیجے میں ٹیکس آمدن میں اضافہ اور طویل مدتی ترقی کو سہارا ملتا ہے۔

خلاصہ یہ ہے کہ راست، اختراعی پالیسی اقدامات اور اسٹریٹجک مراعات کے ساتھ، پاکستان کے معاشی منظرنامے کو تبدیل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ اگر کاروباری ادارے اور صارفین نقدی سے دوری اختیار کریں، غیر رسمی معیشت میں کمی آئے اور شفافیت میں اضافہ ہو، تو پاکستان ڈیجیٹل مالیاتی شمولیت کے اصل امکانات کو کھول سکتا ہے۔ یہ سمجھ بوجھ کہ قلیل مدتی ٹیکس میں نرمی طویل مدتی اقتصادی فائدہ دے سکتی ہے، ملک کو حقیقت پسندانہ اصلاحات کی راہ پر گامزن ہونے کے لیے بہتر پوزیشن میں لے آتی ہے، تاکہ راست کی انقلابی صلاحیت کو مکمل طور پر بروئے کار لایا جا سکے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025