پاک فوج نے اتوار کے روز ایک بیان میں بتایا ہے کہ خیبر پختونخوا میں 24 اور 25 مئی کو کیے گئے تین الگ انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز (آئی بی اوز) کے دوران کم از کم 9 دہشت گرد ہلاک مارے گئے۔

آئی ایس پی آر (انٹر سروسز پبلک ریلیشنز) کے مطابق یہ آپریشنز ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، اور ضلع خیبر میں دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق ٹھوس انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر ”بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں“ کے ٹھکانوں کو اہداف بنا کر کیے گئے۔

بیان کے مطابق پہلا آپریشن ڈیرہ اسماعیل خان میں کیا گیا جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 دہشت گرد مارے گئے۔ دوسرا آپریشن ٹانک ضلع میں ہوا جس کے دوران مزید 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ تیسرا آپریشن ضلع خیبر کے باغ علاقے میں کیا گیا جہاں سیکورٹی فورسز نے مزید 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا کہ ہلاک ہونے والے شرپسند علاقے میں دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث تھے اور مبینہ طور پر ایسے گروہوں سے تعلق رکھتے تھے جنہیں بیرونی حمایت حاصل ہے۔

بیان کے مطابق دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے، علاقے کو دہشتگردوں سے پاک کرنے کیلئے سیکورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

علاوہ ازیں پاک فوج نے ملک بھر میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔