پاکستان نے بھارتی پروازوں پر فضائی حدود کی پابندی میں ایک ماہ کی توسیع کر دی ہے، جو اب 23 جون 2025 تک برقرار رہے گی، یہ بات سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے جمعے کے روز بتائی ہے۔

سی اے ای کی جانب سے جاری کردہ تازہ نوٹم کے مطابق یہ پابندی اُن تمام طیاروں پر لاگو ہوتی ہے جو بھارت میں رجسٹرڈ ہیں، یا بھارتی ایئرلائنز اور آپریٹرز کی ملکیت، کرائے یا آپریشن کا حصہ ہیں، جن میں فوجی پروازیں بھی شامل ہیں۔

یہ پابندی 24 اپریل کو عائد کی گئی تھی جب مقبوضہ کشمیر میں ایک مہلک حملے کے بعد اسلام آباد اور نئی دہلی کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا تھا۔

فضائی حدود کی بندش کے باعث بھارتی ایئرلائنز کو بین الاقوامی پروازوں کے راستے تبدیل کرنے پڑے جس سے سفر کا دورانیہ بڑھ گیا اور آپریٹنگ لاگت میں اضافہ ہوا۔ متعدد پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں، دوبارہ شیڈول کی گئیں یا منسوخ ہوئیں، جبکہ مسافروں کو مسلسل پریشانی اور کرایوں میں اضافے کا سامنا ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کا کہنا ہے کہ صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے، اور یہ پابندیاں آئندہ اطلاع تک برقرار رہیں گی۔

یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی سفارتی اور عسکری کشیدگی کے پس منظر میں اٹھایا گیا ہے۔