ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں معمولی اضافہ
انٹربینک مارکیٹ میں جمعہ کے کاروباری روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0.03 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کاروبار کے اختتام پر قدر 9 پیسے اضافے کے بعد روپیہ 281 روپے 97 پیسے پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ جمعرات کو ڈالر کے مقابلے روپیہ 282.06 پر بند ہوا تھا۔
عالمی منڈیوں میں جمعے کو امریکی ڈالر کمزور رہا اور یورو اور ین کے مقابلے میں پانچ ہفتوں میں پہلی بار ہفتہ وار کمی کے دہانے پر پہنچ گیا کیونکہ امریکہ کی خراب ہوتی ہوئی مالی صورتحال کے خدشات نے سرمایہ کاروں کو محفوظ سرمایہ کاری کی طرف دوڑنے پر مجبور کر دیا۔
موڈیز نے گزشتہ ہفتے امریکہ کے قرضے کی درجہ بندی میں کمی کے بعد، اس ہفتے سرمایہ کاروں کی توجہ ملک کے 36 ٹریلین ڈالر کے قرض کے بوجھ اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹیکس بل پر مرکوز ہوگئی ہے جو اس قرض میں مزید کھربوں ڈالر کا اضافہ کرسکتا ہے۔
یہ بل ریپبلکن کنٹرولڈ امریکی ہاؤس آف رپریزنٹیٹیوز سے مشکل سے منظور ہوا اور اب سینٹ کی جانب جا رہا ہے جہاں اس پر ممکنہ طور پر کئی ہفتوں تک مباحثے ہوں گے۔
ڈالر انڈیکس رواں ہفتے 1.1 فیصد کمی کی جانب گامزن ہے تاہم ابتدائی ایشیائی تجارت کے دوران یہ تقریباً 99.829 کی مستحکم سطح پر رہا۔