بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد بدھ کے روز پاکستان میں بھی سونے کے نرخ میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ مقامی مارکیٹ میں سونے کی فی تولہ قیمت 6600 روپے کے اضافے کے بعد 349,400 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز صرافہ ایسوسی ایشن (اے پی جی جے ایس اے) کی جانب سے جاری کردہ نرخوں کے مطابق 10 گرام سونے کی قیمت 5,659 روپے کے اضافے کے بعد 299,554 روپے ہوگئی ہے۔
یاد رہے کہ منگل کو سونے کی فی تولہ قیمت 300 روپے اضافے کے بعد 342,800 روپے تک پہنچ گئی تھی۔
اے پی جی جے ایس اے کے مطابق بدھ کو بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمت بڑھی اور 66 ڈالر کے اضافے کے بعد فی اونس سونے کی قیمت 3,310 ڈالرہوگئی۔
دوسری جانب، چاندی کی قیمت فی تولہ 56 روپے بڑھ کر 3466 روپے ہو گئی ہے۔
بین الاقوامی سطح پر منگل کے روز سونے کی قیمتوں میں معمولی اضافہ دیکھا گیا، جس کی وجہ امریکی ڈالر کی قدر میں کمی تھی۔ سرمایہ کاروں کی توجہ احتیاط کے ساتھ روس-یوکرین امن مذاکرات اور امریکہ کی تجارتی پالیسی میں ممکنہ تبدیلیوں کی جانب مرکوز رہی۔
اسپاٹ گولڈ 0.2 فیصد اضافے کے ساتھ 3,236.94 امریکی ڈالر فی اونس پر آ گیا جبکہ امریکی گولڈ فیوچرز 0.2 فیصد بڑھ کر 3,239.40 ڈالر تک پہنچ گئے۔
ڈالر انڈیکس اپنی حریف کرنسیوں کے مقابلے میں 0.2 فیصد نیچے رہا، جس سے دیگر کرنسیوں کے حامل خریداروں کے لیے سونا نسبتاً سستا ہو گیا۔ ایکٹیو ٹریڈز کے سینئر تجزیہ کار ریکارڈو ایوینجلیسٹا نے کہا کہ سونے کی مارکیٹ میں آج تاجروں کی توجہ بنیادی طور پر امریکہ-چین تجارتی امیدوں اور روس-یوکرین تنازع کے حل کی نئی امیدوں پر مرکوز ہے۔