صدر زرداری کی پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں چین کے کردار کی تعریف
- پاکستان ’ون چائنا‘ پالیسی کا مضبوط حامی ہے، صدر مملکت
صدر آصف علی زرداری نے بدھ کے روز پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے 74ویں یومِ تاسیس کے موقع پر دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے اس یادگار موقع پر پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں چین کے کلیدی کردار کو خاص طور پر سراہا۔
ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تاریخی اور آزمودہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور یہ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں میں دونوں برادر ممالک کے دوطرفہ تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہوتے گئے اور اب یہ تعلقات ایک جامع اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں۔
انہوں نے پاکستان اور چین کو ایک دوسرے کے ایسے پختہ اور لازوال دوست قرار دیا جو ہر مشکل اور ہر موسم میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا: “پاکستان ’ون چائنا‘ پالیسی کا مضبوط حامی ہے اور چین کے بنیادی قومی مفادات پر ہمیشہ اس کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
انہوں نے مشکل وقت میں پاکستان کا مسلسل ساتھ دینے پر چین کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔
صدر زرداری نے پاکستان کی اقتصادی و سماجی ترقی کے ساتھ ساتھ دفاعی شعبے کو مضبوط بنانے میں چین کے کلیدی کردار کو سراہا۔
انہوں نے چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو دوطرفہ تعاون کی ایک روشن مثال قرار دیا اور کہا کہ سی پیک نے پاکستان کی معیشت، بنیادی ڈھانچے اور توانائی کے شعبے پر مثبت اثرات مرتب کیے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور خیرسگالی پر مبنی ہیں، اور دونوں ممالک علاقائی امن، استحکام، مشترکہ خوشحالی اور بہتر رابطہ کاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے معیشت، ٹیکنالوجی، دفاع، تعلیم اور تجارت کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے ان تعلقات کو مستقبل میں مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
صدر مملکت نے اس موقع پر چین کی قیادت اور عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔