ملالہ یوسفزئی کی عالمی رہنماؤں سے غزہ میں نسل کشی رکوانے کی اپیل
نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے غزہ میں فوری جنگ بندی اور نسل کشی روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
نوبل امن انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے بدھ کو عالمی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ اسرائیل پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالیں تاکہ غزہ میں اسرائیلی نسل کشی کے مظالم کا خاتمہ کیا جاسکے۔
ملالہ یوسفزئی نے ایکس پر لکھا کہ غزہ میں اسرائیل کی ظالمانہ کارروائیاں دیکھ کر اذیت میں ہوں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں ہزاروں بھوکے بچے ہیں، اسکولوں اور اسپتالوں کی تباہی،بے گھر خاندان اور انسانی امداد کی راہ میں رکاوٹوں کے سبب رنج میں ہوں۔
واضح رہے کہ ملالہ یوسفزئی کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیل نے حماس کے خلاف فوجی کارروائیوں کو تیز کرنے اور پورے غزہ پر کنٹرول کرنے کا اعلان کیا ہے جہاں اسرائیلی فضائی اور زمینی حملوں کی وجہ سے فلسطینیوں کو شدید تباہی کا سامنا ہے۔
منگل کو اقوام متحدہ نے بتایا کہ غزہ پٹی میں ابھی تک کوئی امداد تقسیم نہیں کی گئی ہے حالانکہ ایک روز قبل اسرائیل نے فلسطینی علاقے پر 11 ہفتوں کی ناکہ بندی کے بعد محدود انسانی امداد کی فراہمی دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی تھی۔ ماہرین خبردار کر رہے ہیں کہ یہاں اب قحط کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹيفان ڈوجارک نے بتایا کہ پیر کو فلسطینی علاقے کی سرحد پر چار ٹرک بچوں کے غذائی سامان پہنچائے گئے، جبکہ منگل کو آٹے، دوائیوں، غذائی معاون اشیاء اور دیگر ضروریات کے چند درجن ٹرک غزہ میں داخل ہوئے۔