پاکستان، چین اور افغانستان نے بدھ کو تین طرفہ تعاون کو علاقائی سلامتی اور اقتصادی روابط کو فروغ دینے کیلئے مؤثر اور اہم پلیٹ فارم کے طور پر دوبارہ مستحکم کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، چین کے وزیرِ خارجہ اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے سیاسی بیورو کے رکن وانگ یی، اور افغانستان کے قائم مقام وزیرِ خارجہ امیر خان متقی نے بیجنگ میں ایک غیر رسمی سہ فریقی ملاقات کی۔

رہنماؤں نے سفارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، رابطوں کو بہتر کرنے اور مشترکہ خوشحالی کے اہم محرکات کے طور پر تجارت، انفرااسٹرکچر اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے پر تفصیلی گفتگو کی۔

اس موقع پر بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے تعاون کو مزید گہرا کرنے اور چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو افغانستان تک وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ وزراء نے دہشت گردی کے خلاف مشترکہ عزم اور خطے میں استحکام و ترقی کو فروغ دینے پر زور دیا۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ طے پایا ہے کہ چھٹی تین طرفہ وزیر خارجہ کانفرنس جلد از جلد باہمی سہولت کے مطابق کابل میں منعقد کی جائے گی۔