پاکستان

وفاقی کابینہ نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دے دی

  • ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی حالیہ کشیدگی کے دوران خدمات کے اعتراف میں ان کی مدتِ ملازمت میں توسیع کی بھی متفقہ طور پر منظوری دی گئی
شائع اپ ڈیٹ

ایک تاریخی فیصلے میں وفاقی کابینہ نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سیّد عاصم منیر (نشانِ امتیاز، ملٹری) کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دے دی ہے، یہ عہدہ پاکستان کا سب سے اعلیٰ فوجی اعزاز ہے۔ یہ اعزاز انہیں آپریشن ”بنیان مرصوص“ کے دوران ان کی ”غیر معمولی قیادت“ کے اعتراف میں دیا گیا، جس میں بھارت کی ”بلا اشتعال جارحیت“ کو موثر طور پرپسپا کیا گیا ہے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت آج وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں بھارت کے ساتھ حالیہ عسکری بحران کے بعد پاکستان کی مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔

وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کابینہ نے متفقہ طور پر وزیراعظم کی اس تجویز کی توثیق کی کہ جنرل عاصم منیر کی حکمتِ عملی میں مہارت اور مادرِ وطن کے دفاع میں جرأت مندانہ قیادت کو اعلیٰ ترین سطح پر تسلیم کیا جائے۔

اس موقع پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت میں بھی توسیع کی منظوری دی گئی تاکہ تنازع کے دوران ان کی خدمات کا اعتراف کیا جا سکے۔

آپریشن کے دوران خدمات انجام دینے والے فوجی جوانوں، شہداء اور شہریوں کو سرکاری اعزازات سے نوازا جائے گا۔

علاوہ ازیں بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو ان فیصلوں پر بریفنگ دی جو کہ قومی سیاسی یکجہتی کی علامت ہے۔

اپنے عہدے پر ترقی کے بعد جاری کیے گئے پہلے بیان میں نو تعینات فیلڈ مارشل جنرل سیّد عاصم منیر نے یہ اعزاز پاکستان کی مسلح افواج اور شہداء کے نام کر دیا۔

انہوں نے کہا ”میں یہ اعزاز پوری قوم، پاکستان کی مسلح افواج، اور خاص طور پر ہمارے شہداء اور زخمی ہیروز، خواہ وہ سویلین ہوں یا فوجی، کے نام کرتا ہوں۔“

انہوں نے ملک کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ یہ کامیابی کسی فرد واحد کی نہیں بلکہ پوری قوم اور افواجِ پاکستان کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے ”یہ کسی ایک فرد کی کامیابی نہیں بلکہ پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم کے لیے ایک اعزاز ہے۔“