نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار تین روزہ سرکاری دورے پر چینی وزیرِ خارجہ وانگ ای کی دعوت پر بیجنگ پہنچ گئے ہیں۔
بیجنگ ایئرپورٹ پر ان کا استقبال چینی حکام اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اپنے دورے کے دوران اسحاق ڈار اور وانگ ای کے درمیان جنوبی ایشیا کی بدلتی ہوئی علاقائی صورت حال اور خطے میں امن و استحکام پر اس کے اثرات پر تفصیلی گفتگو ہو گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں ممالک کے وفود پاکستان اور چین کے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے اور علاقائی و عالمی امور پر باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال بھی کریں گے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان جاری اعلیٰ سطح کے روابط کا تسلسل ہے اور دونوں ممالک کے اس مشترکہ عزم کو اجاگر کرتا ہے کہ وہ ”ہر موسم کی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری“ کو مزید مضبوط بنائیں گے۔
نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان نے حالیہ مختصر تنازع میں بھارت پر ایک اہم فتح حاصل کی ہے۔
اس جنگ کے دوران پاکستان نے چینی ساختہ جدید جے- 10 سی لڑاکا طیارے موثر انداز میں استعمال کیے، جو جدید PL-15 میزائلوں سے لیس تھے۔ ان طیاروں نے جنگ میں فیصلہ کن کردار ادا کیا اور پاکستان کی فتح کو یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔