نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار پیر سے چین کا تین روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔ یہ بات سرکاری ریڈیو پاکستان کی رپورٹ میں بتائی گئی ہے۔
یہ دورہ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
اپنے قیام کے دوران اسحاق ڈار چینی ہم منصب کے ساتھ جنوبی ایشیا کی بدلتی ہوئی علاقائی صورتِ حال اور امن و استحکام پر اس کے ممکنہ اثرات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔
دورے کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان جاری اعلیٰ سطح کے روابط کا تسلسل ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان سدا بہار تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔