صدر زرداری کا دورہ گوجرانوالہ، جارحیت ناکام بنانے پر فوج کے غیرمتزلزل حوصلے کی تعریف کی، آئی ایس پی آر
صدر آصف علی زرداری نے وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کے ہمراہ ہفتے کے روز گوجرانوالہ چھاؤنی کا دورہ کیا۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر اور اعلیٰ فوجی کمانڈروں نے ان کا استقبال کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق صدرآصف علی زرداری نے ”بلااشتعال جارحیت کے مقابلے میں مسلح افواج کے غیر متزلزل حوصلے“ کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق صدر آصف علی زرداری کا گوجرانوالہ چھاؤنی کا دورہ شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور حالیہ فوجی کارروائیوں کی عوامی حمایت سے عبارت تھا، جس نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں قومی یکجہتی کا مضبوط پیغام دیا ہے۔
صدر مملکت نے ”معرکۂ حق“ کی کامیاب تکمیل میں پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور شاندار کارکردگی کو سراہا اور بلااشتعال جارحیت کے مقابلے میں ان کے پختہ عزم اور غیر متزلزل حوصلے کی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق صدر آصف زرداری نے مادرِ وطن کے دفاع میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے عسکری اور سویلین شہداء کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ”ان کی قربانی ایک مقدس امانت اور قوم کے لیے دیرپا فخر کا باعث ہے۔“
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قوم کے جانباز سپوت، قومی جذبے سے سرشار ہو کر، مادرِ وطن کے دفاع کے لیے غیر متزلزل ارادے اور غیر معمولی جرأت و پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ گواہی دے گی کہ کس طرح چند گھنٹوں کے اندر پاکستان کی مسلح افواج نے بے مثال مہارت اور عزم کے ساتھ جارحیت کو پسپا کیا، جس نے پاکستان کی طاقت، استقامت اور قومی یکجہتی کا ایک غیر مشروط پیغام بھیجا ہے۔
پاک فوج کے افسروں اور فوجیوں کے ساتھ بات چیت کے دوران صدر آصف علی زرداری نے ان کے مثالی حوصلے، جنگ کے لیے تیاری اور ان کی فرض شناسی کی تعریف کی۔
انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیاب تکمیل پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی اور قوم کے محافظوں پر بھرپور فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنی بہادر افواج کو قومی وقار اور خودمختاری کے حقیقی محافظ کے طور پر انتہائی عزت و احترام دیتے ہیں۔