مچلز فروٹ فارمز لمیٹڈ (ایم ایف ایف ایل) نے جمعرات کے روز اعلان کیا ہے کہ اس نے سی سی ایل ہولڈنگ (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ساتھ ایک شیئر پرچیز ایگریمنٹ پر دستخط کیے ہیں۔ سی سی ایل ہولڈنگز، سی سی ایل فارماسیوٹیکلز کی ذیلی کمپنی ہے۔

یہ اعلان پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے ایک نوٹس کے ذریعے کیا گیا، جس میں بتایا گیا کہ مچلز، جو پاکستان میں زرعی اور کنفیکشنری مصنوعات تیار کرنے والی کمپنی ہے، نے یہ معاہدہ سیدہ میمنات محسن اور سیدہ متانت غفار کی جانب سے کمپنی میں موجود اپنے تمام حصص کی فروخت کے لیے کیا ہے۔

یہ حصص 92,93,244 عام شیئرز پر مشتمل ہیں، جو کمپنی کے کل جاری کردہ سرمایہ کا 40.63 فیصد بنتے ہیں۔

نوٹس کے مطابق معاہدے کی تکمیل سی سی ایل کی جانب سے پبلک آفر جاری کرنے، متعلقہ ریگولیٹری منظوریوں کے حصول، اور دیگر رسمی کارروائیوں کی تکمیل سے مشروط ہوگی۔

یاد رہے کہ 14 جنوری کو مچلز نے اعلان کیا تھا کہ اس کے اکثریتی شیئر ہولڈرز نے کمپنی سے درخواست کی ہے کہ وہ سی سی ایل ہولڈنگز کو، جو کہ سی سی ایل فارماسیوٹیکلز کی ذیلی کمپنی ہے، تفصیلی مالیاتی جائزے (ڈیو ڈیلیجنس) کی اجازت دے۔

نوٹس میں کہا گیا تھا کہ جیسا کہ پہلے مطلع کیا گیا، سیدہ میمنات محسن اور سیدہ متانت غفار، جو مشترکہ طور پر کمپنی کے 40.63 فیصد حصص کی مالک ہیں، ایک اسٹریٹیجک جائزہ لے رہی ہیں، اور چونکہ سی سی ایل ہولڈنگز کی جانب سے مسلسل دلچسپی ظاہر کی جا رہی ہے، لہٰذا کمپنی سے کہا گیا ہے کہ وہ سی سی ایل کو آئی جی آئی انویسٹمنٹس (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ساتھ ساتھ ڈیٹا تک رسائی دے۔

نوٹس میں مزید کہا گیا کہ اس تناظر میں کمپنی ضروری اقدامات کرے گی۔ اسٹریٹیجک جائزے سے متعلق کوئی بھی فیصلہ ریگولیٹری منظوریوں اور حتمی معاہدوں کے نفاذ سے مشروط ہوگا۔

سی سی ایل ہولڈنگ ایک ہولڈنگ کمپنی ہے جس کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی سی سی ایل فارماسیوٹیکلز (پرائیویٹ) لمیٹڈ ہے، جو بنیادی طور پر برانڈڈ جینرک ادویات اور کنزیومر ہیلتھ مصنوعات کی تیاری اور مارکیٹنگ سے وابستہ ہے۔

مچلز فروٹ فارمز لمیٹڈ کی تاریخ 1933 سے شروع ہوتی ہے۔ آزادی کے بعد کمپنی کا نام انڈین میلڈورا فروٹ فارمز سے بدل کر مچلز فروٹ فارمز لمیٹڈ رکھا گیا۔

کمپنی 1993 میں سامنے آئی اور 1996 میں اسٹاک ایکسچینج میں شامل ہوئی۔ اس کا بنیادی کام مختلف زرعی اور کنفیکشنری مصنوعات جیسے مشروبات، کیچپ و ساسز، مربہ جات، ریڈی ٹو کُک اور ریڈی ٹو ایٹ اشیائے خوردونوش کی تیاری اور فروخت ہے۔