بھارت کے ساتھ جھڑپوں میں تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی آسٹریلوی ہم منصب سے گفتگو
پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کو پیر کے روز آسٹریلیا کی وزیر خارجہ پینی وونگ کی جانب سے ٹیلیفون موصول ہوا، جس میں انہوں نے بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے دوران اسلام آباد کے ضبط و تحمل اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری سے متعلق آگاہ کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے پورے بحران کے دوران تحمل کا مظاہرہ کیا اور صرف اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے تحت اپنے دفاع کا حق استعمال کیا۔ اس دوران انہوں نے پاکستان کے دفاعی موقف کا کھل کراظہار کیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ پاکستان علاقائی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کرتا رہے گا، جو جنگ بندی کے بعد اسلام آباد کی ترجیحات کا اشارہ تھا۔
وزیر خارجہ وونگ نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور شہریوں کے مارے جانے، خاص طور پر جعفر ایکسپریس حملے کا حوالہ دیتے ہوئے، افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت فریقین کو پائیدار امن کی جانب لے کر جائے گا۔