آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) نے پاکستان کے ساتھ تجارت میں نمایاں اضافہ کرنے کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔
پیر کو جاری بیان میں اپٹما نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے امریکی کپاس کی درآمد بڑھانے کے بعد، امید ہے کہ امریکہ پاکستانی برآمدات پر موجودہ اور مجوزہ ٹیکس کم کرے گا۔
اپٹما نے کہا کہ وہ صدر ٹرمپ کے پاکستان کے لیے خیرسگالی کے مثبت پیغام کا خیرمقدم اور اس کی قدر کرتا ہے جو امن، سفارتکاری اور علاقائی استحکام پر زور دیتا ہے۔
ہم صدر ٹرمپ کے پاکستان کے ساتھ تجارت میں نمایاں اضافے کے ارادے کو پاک-امریکا اقتصادی تعلقات، خصوصاً ٹیکسٹائل شعبے کے مستقبل کے لیے ایک حوصلہ افزا اشارہ سمجھتے ہیں، جو پاکستان کی برآمدی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور لاکھوں افراد کے روزگار کا ذریعہ بھی ہے۔
ان کا بیان بروقت اس حقیقت کا اعتراف ہے کہ تجارت اس حوالے سے کلیدی کردار ادا کرسکتی ہے۔
واضح رہے کہ اپٹما کی جانب سے یہ بیان امریکی صدر کے اتوار کو ’ٹروتھ سوشل‘ پر کیے گئے ایک پوسٹ کے بعد سامنے آیا، جس میں انہوں نے پاکستان اور بھارت کے ساتھ تجارت میں نمایاں اضافہ کے منصوبے کا اعلان کیا اور مقبوضہ کشمیر کے دیرینہ مسئلے پر ثالثی کی خواہش کا اظہار کیا۔
اپٹما کے مطابق امریکہ پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے، جہاں بھیجی جانے والی برآمدات میں ٹیکسٹائل مصنوعات کا حصہ تقریباً 80 فیصد ہے۔
اپٹما نے کہا کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت مکمل ویلیو چین پر مشتمل ہے اور طویل عرصے سے مختلف قسم کی ٹیکسٹائل مصنوعات تیار اور برآمد کررہی ہے۔ اس کے علاوہ پاکستان امریکہ کا دوسرا سب سے بڑا کپاس درآمد کرنے والا ملک ہے اور تجارتی عدم توازن کے خدشات کے پیش نظر کپاس کی درآمدات بڑھانے کیلئے فعال اقدامات اٹھارہا ہے۔
ان بڑھتی ہوئی درآمدات کے پیش نظر ہم توقع رکھتے ہیں کہ امریکہ پاکستان کی برآمدات پر عائد موجودہ اور مجوزہ محصولات میں کمی کرے گا جس سے مارکیٹ تک رسائی میں اضافہ ہوگا اور تجارتی مواقع میں مزید بہتری آئے گی۔
اپٹما نے مزید کہا کہ وہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے عالمی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، خاص طور پر وہ کوششیں جو امریکہ کی قیادت میں کی جا رہی ہیں، جن میں طویل المدتی تنازعات کو بات چیت اور باہمی سمجھ کے ذریعے حل کرنا شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ اقتصادی تعاون اور علاقائی استحکام آپس میں جڑے ہوئے ہیں اور ہم تجارتی تعلقات کے ذریعے امن کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہیں، اس رفتار کو مزید بڑھاتے ہوئے ہم امریکی-پاکستان تجارتی شراکت داری کو مضبوط بنانے کی توقع رکھتے ہیں جو عزت، قومی خودمختاری اور مشترکہ اقتصادی اہداف پر مبنی ہو۔