ریڈیو پاکستان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ آج (اتوار) ملک بھر میں بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے کامیاب ردعمل اور ”آپریشن بنیان المرصوص“ کی فتح کی یاد میں ”یومِ تشکر“ منایا جائے گا۔

اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ یومِ تشکر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے، مسلح افواج کی بے مثال جرأت کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور پاکستانی عوام کی اتحاد و استقامت کا جشن منانے کے لیے مخصوص کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ”آپریشن بنیان المرصوص“ دشمن کی جارحیت کے خلاف فیصلہ کن اور مؤثر ردعمل تھا، جس نے ہر محاذ پر پاکستان کی برتری کو ثابت کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ اُس نے ہمیں یہ کامیابی اور عزت عطا فرمائی۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دشمن کی مسلسل اشتعال انگیزیوں کے باوجود پاکستان نے مکمل عسکری تیاری کے ساتھ انتہائی تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا دفاع کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے، بالخصوص علمائے کرام سے اپیل کی کہ وہ ملک بھر میں اجتماعی نوافل اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں تاکہ شہدا اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے۔

آخرمیں وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اور پاکستانی قوم اپنے بہادر محافظوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔