✕

حکام نے ایوی ایشن سیفٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے کراچی میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آس پاس لیزر لائٹس کی فروخت اور استعمال پر دو ماہ کے لیے مکمل پابندی عائد کردی ہے۔

کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پابندی دفعہ 144 کے تحت آتی ہے اور اس کا اطلاق 6 مئی سے 5 جولائی 2025 تک ہوگا۔

یہ فیصلہ جناح ایئر پورٹ پر طیاروں کے ٹیک آف اور لینڈنگ کے دوران لیزر بیمز سے پیدا ہونے والے خطرات کے بارے میں بڑھتے ہوئے خدشات کے تناظر میں کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں خبردار کیا گیا ہے کہ لیزر لائٹس پائلٹوں کی بینائی کو بری طرح متاثر کر سکتی ہیں، جس سے ممکنہ طور پر تباہ کن فضائی واقعات رونما ہوسکتے ہیں۔

دستاویز میں کہا گیا ہے کہ لیزر بیمز پائلٹوں کی بینائی کو متاثر کر سکتی ہیں، خاص طور پر لینڈنگ اور ٹیک آف جیسے نازک لمحات کے دوران، جس سے ہوا بازی کے حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

نوٹیفکیشن کے جواب میں مقامی تھانوں کو کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ پابندی شہر کے ہوائی اڈوں کے آس پاس کے تمام علاقوں تک پھیلی ہوئی ہے اور اس کا مقصد ہوائی ٹریفک میں خلل کو روکنا اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

عہدیداروں نے اس بات پر زور دیا کہ عارضی پابندی پائلٹوں اور مسافروں کی حفاظت کے لئے ضروری ہے اور دو ماہ کی مدت کے دوران اس پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔

قبل ازیں کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی ہدایت پر سائٹ ایریا اور کیماڑی کے اضلاع میں دو ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی تھی، امن عامہ اور ٹریفک کنٹرول برقرار رکھنے کے لیے متعدد سرگرمیاں محدود کردی گئی تھیں۔

اس پر عمل درآمد 24 جون تک نافذ العمل رہے گا، جس میں گرین بیلٹس، عوامی مقامات اور فٹ پاتھوں پر تجاوزات پر پابندی کے ساتھ ساتھ ان علاقوں میں پھینکے جانے والے ملبے پر بھی پابندی شامل ہے۔

اس سے قبل کمشنر سید حسن نقوی نے کراچی میں بھاری ٹریفک کی نقل و حرکت کو کنٹرول کرنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے سڑک حادثات کو روکنے کے لیے صبح 6 بجے سے رات 10 بجے کے درمیان بھاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی تھی۔ اس پابندی کا اطلاق مال بردار گاڑیوں پر بھی ہوتا ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹیں اور نئے ضوابط پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔