بلوچستان کے ضلع کچھی میں منگل کے روز دیسی ساختہ بارودی ڈیوائس کے دھماکے میں صوبیدار سمیت 7 فوجی اہلکار شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق دھماکہ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں نے کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں میں صوبیدار عمر فاروق ( عمر 42 سال، رہائش کراچی)، نائیک آصف خان (عمر 28 برس، رہائش ضلع کرک)، نائیک مشکور علی ( عمر 28 برس، رہائش ضلع اورکزئی)، سپاہی طارق نواز (عمر 26 برس، رہائش ضلع لکی مروت)، سپاہی واجد احمد (عمر 28 برس، رہائش ضلع باغ)، سپاہی محمد عاصم ( عمر 22 برس، رہائش ضلع کرک) اور سپاہی محمد کاشف خان (عمر 28 برس، رہائش ضلع کوہاٹ) شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ واقعے کے بعد علاقے سے دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز کیے جارہے ہیں، اس بزدلانہ اور سنگین حملے میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی تمام کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے نے بھارت کو حملے کا براہ راست ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت اور اس کے ایجنٹوں کے پاکستان کی سرزمین پر جاری ناپاک عزائم کو ہماری بہادر سیکورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پاکستانی قوم ناکام بنا دیں گے۔
یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ یہ کشیدگی پہلگام حملے، سندھ طاس معاہدے کی معطلی اور سرحدی جھڑپوں کے بعد مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔
بلوچستان میں گزشتہ چند ماہ کے دوران پرتشدد واقعات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اسلام آباد بارہا نئی دہلی پر الزام عائد کرتا رہا ہے کہ وہ علیحدگی پسند گروہوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔