وزیرِ اعظم اور عسکری قیادت کا آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ، قومی سلامتی پر بریفنگ
- سول اور عسکری حکام کو موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، بھارتی اشتعال انگیزی کے تناظر میں روایتی خطرات سے نمٹنے کی تیاری پر خاص توجہ مرکوز کی گئی
وزیراعظم شہباز شریف نے اعلیٰ سول و عسکری قیادت کے ہمراہ منگل کے روز انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں بھارت کے ساتھ جاری کشیدگی کے تناظر میں سیکورٹی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ادارے (آئی ایس اآئی) کی پیشہ ورانہ مہارت اور اسٹریٹجک بصیرت کو سراہتے ہوئے قومی مفادات کے تحفظ اور پیچیدہ حالات میں باخبر سیکورٹی فیصلہ سازی کے قابل بنانے میں اس کے اہم کردار کی تعریف کی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ہمراہ ڈپٹی وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ آصف، اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان، بشمول چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران انہیں موجودہ سیکیورٹی صورتِ حال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں خاص طور پر بھارت کے جارحانہ رویے کے تناظر میں پاکستان کی روایتی دفاعی تیاریوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔
اعلامیے کے مطابق قومی قیادت کو خطے کی سیکورٹی صورتحال، بدلتے ہوئے خطرات، جن میں روایتی فوجی اقدامات، ہائبرڈ وارفیئر کی حکمتِ عملی اور دہشت گرد پراکسیز شامل ہیں، پر تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔
دورے کے دوران وزیرِ اعظم اوران کے ہمراہ دیگر شخصیات نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کسی بھی خلاف ورزی کے خلاف مؤثر اور فیصلہ کن ردعمل کے لیے قومی بیداری، اداروں کے درمیان بھرپور ہم آہنگی اور مضبوط آپریشنل تیاری ناگزیر ہے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کے دورے کے دوران قومی قیادت نے اس بات کا دوٹوک اظہار کیا کہ پاکستان ہر قسم کے خطرات ، خواہ وہ روایتی ہوں یا غیر روایتی، کے خلاف مادرِ وطن کے دفاع کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔
قیادت نے اس بات کو بھی دہرایا کہ قوم کی بھرپور حمایت کے ساتھ، پاکستان کی مسلح افواج، ریاستی اداروں اور قومی طاقت کے تمام عناصر کے تعاون سے، ملک کی سلامتی، وقار اور عزت کے تحفظ کے لیے ہر حال میں مکمل طور پر تیار ہیں۔