پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے خبردار کیا ہے کہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی بلوچستان کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے تاہم انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس طرح کے ناپاک ارادوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار آرمی چیف نے پیر کے روز 15 ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔
تقریب میں پارلیمنٹیرینز، بیوروکریٹس، سول سوسائٹی کے ارکان اور میڈیا کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
جنرل عاصم منیر نے صوبے کی سلامتی کے لئے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کو اجاگر کیا اور بلوچستان کے عوام کی طویل مدتی خوشحالی کو یقینی بنانے کے لئے جاری ترقیاتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ صوبے کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے اپنی اجتماعی کوششیں جاری رکھیں اور اس بات پر بھی زور دیا کہ پرامن اور مستحکم بلوچستان قومی ترقی کے لئے ضروری ہے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آرمی چیف نے چیلنجز پر قابو پانے اور خطے کے روشن مستقبل کی تعمیر کے لیے اتحاد اور تعاون جاری رکھنے کی حوصلہ افزائی کی ہے۔