وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیر صدارت اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 30 واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سمیڈا میں اصلاحات کے نفاذ کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں بورڈ ممبران کے علاوہ وفاقی سیکرٹری صنعت و پیداوار سیف انجم اور سمیڈا کے سی ای او سقراط امان رانا بھی موجود تھے۔
ہارون اختر خان نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیرِاعظم کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ای) سے متعلق وژن کا حوالہ دیا اور ایس ایم ای ڈی اے کی تیزرفتار پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی معیشت کا مستقبل ایس ایم ایز کی ترقی اور وسعت سے جڑا ہے اور وزیرِاعظم پُرعزم ہیں کہ پاکستان کے ایس ایم ایز کو بین الاقوامی معیار کے برابر لایا جائے جس کے لیے عالمی ایس ایم ای ماہرین کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم نے سمیڈا کے موجودہ ڈھانچے کا مطالعہ کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی اورادارے کی اصلاح اور اسے ملک میں ایس ایم ایز سیکٹر کی ترقی کے لیے ایک فعال تنظیم بنانے کے لیے تبدیلیاں تجویز کی تھیں۔ وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق سمیڈا کے موجودہ ورکنگ اسٹرکچر کو آوٹ سورسنگ کے ذریعے تقویت دینے کا منصوبہ پیش کیا گیا جسے بورڈ نے منظور کرلیا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025