جی سی سی کا پاکستان، بھارت پر مذاکرات کیلئے زور، اسلاموفوبیا کے خلاف انتباہ
خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) نے جنوبی ایشیا میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور بھارت کے درمیان فوری مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ کونسل نے خطے میں بگڑتی ہوئی سیکورٹی صورتحال اور اسلاموفوبیا کے بڑھتے رجحان پر بھی گہری تشویش ظاہر کی ہے۔
جی سی سی کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیعوی نے ایک آفیشل بیان میں دونوں ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ حالیہ پہلگام حملے کے بعد تحمل کا مظاہرہ کریں اور سفارت کاری کو ترجیح دیں۔ اس حملے میں کئی شہری اور سیاح ہلاک و زخمی ہوئے۔
انہوں نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے مطابق تنازعات کا پرامن حل ضروری ہے۔
سیکریٹری جنرل نے زور دیا کہ خطے میں امن اور استحکام صرف مکالمے اور باہمی سمجھوتے سے ہی ممکن ہے۔
البدیعوی نے ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف جی سی سی کے اصولی موقف کا اعادہ کیا اور بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر کے تنازعہ کے پرامن حل کے لئے کوششیں تیز کرے۔
انہوں نے اس دیرینہ مسئلے کو حل کرنے کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
سیکرٹری جنرل نے خطے میں اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے بارے میں بھی خبردار کیا اور متنبہ کیا کہ امتیازی بیان بازی اور پالیسیاں کشیدگی کو مزید بھڑکا سکتی ہیں اور امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، عمان، بحرین اور کویت سمیت چھ خلیجی ریاستوں کے سیاسی اور اقتصادی اتحاد جی سی سی نے علاقائی استحکام کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا اور تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیا کہ وہ مزید کشیدگی کو روکنے کے لئے ذمہ داری کے ساتھ کام کریں۔