نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے اتوار کے روز اسلام آباد میں ایک اہم بین الوزارتی اجلاس کے دوران پرامن ہمسائیگی، تجارتی فروغ اور پائیدار ترقی کے عزم کا اعادہ کیا۔ ریڈیو پاکستان کے مطابق اجلاس میں وزارت خارجہ اور دیگر متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد اسحاق ڈار کے حالیہ کابل کے دورے کے بعد کی سفارتی پیش رفت کو آگے بڑھانا تھا۔ اجلاس میں افغانستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے سے متعلق سابقہ فیصلوں پر عملدرآمد سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔
اسحاق ڈار نے علاقائی روابط اور مشترکہ خوشحالی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان سیکیورٹی خدشات کے ساتھ ساتھ اقتصادی روابط کو متوازن رکھنے کا خواہاں ہے۔