ٹیکس کی فوری وصولی کیلئے نیا قانون نافذ
- ایف بی آر کو پیداواری مراکز یا کاروباری مقامات پر ٹیکس اہلکار تعینات کر کے پیداوار، سامان کی سپلائی اور غیر فروخت شدہ اشیا کے اسٹاک کی نگرانی کا اختیار دیدیا گیا
وفاقی حکومت نے ہفتہ کے روز ’’ٹیکس لاز (ترمیمی) آرڈیننس 2025‘‘ جاری کر دیا، جس کے تحت اعلیٰ عدالتوں کے فیصلوں کے بعد فی الفور بینک اکاؤنٹس اور منقولہ و غیر منقولہ جائیدادوں سے ٹیکس وصولی، کاروباری مراکز سیل کرنے اور نوٹس دیے بغیر ریکوری کی اجازت دے دی گئی ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی منظوری سے جاری اس آرڈیننس کے ذریعے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 اور فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005 میں اہم ترامیم کی گئی ہیں۔ ان میں ایف بی آر کو اختیارات دیے گئے ہیں کہ وہ پیداواری مراکز یا کاروباری مقامات پر ٹیکس اہلکار تعینات کر کے پیداوار، سامان کی سپلائی اور غیر فروخت شدہ اشیا کے اسٹاک کی نگرانی کر سکیں۔
ٹیکس ماہرین کے مطابق نئی ترامیم سے واضح ہوتا ہے کہ اگر کسی مقدمے کا فیصلہ ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ سے ٹیکس دہندہ کے خلاف ہو جائے تو اس کے بعد ٹیکس فوری طور پر واجب الادا ہو گا، چاہے دیگر قوانین یا فیصلے میں کوئی اور مہلت دی گئی ہو۔
اس آرڈیننس کے تحت ایف بی آر کے افسران کو منقولہ و غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کر کے فروخت کرنے، بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے، اور کسی بھی شخص یا ادارے کے خلاف فوری کارروائی کا اختیار دے دیا گیا ہے۔ ٹیکس ماہرین کا کہنا ہے کہ ان ترامیم سے خاص طور پر اُن عدالتی فیصلوں کو غیر مؤثر بنانے کی کوشش کی گئی ہے جو ٹیکس دہندگان کو ریکوری سے تحفظ فراہم کرتے تھے، جیسا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے مشہور مقدمے ’’پاکستان ایل این جی لمیٹڈ بنام ایف او پی‘‘ میں ہوا تھا۔
مزید برآں، حالیہ ایک کیس میں ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی کے خلاف انکم ٹیکس ریفرنس نمبر 1 آف 2024 میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد 5 سے 6 ارب روپے کی ریکوری ممکن نہیں ہو پا رہی تھی، جس پر اس آرڈیننس کی اشد ضرورت محسوس کی گئی۔
آرڈیننس کے تحت انکم ٹیکس آرڈیننس کی سیکشن 138 (3A) اور 140 (6A) میں ترمیم کی گئی ہے جس کے مطابق ہائی کورٹ یا سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ٹیکس فوری قابلِ ادائیگی اور قابلِ وصول ہو گا، چاہے دیگر قوانین کچھ بھی کہتے ہوں۔ سیکشن 175C کے تحت ایف بی آر کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ کاروباری مقامات پر افسران تعینات کر کے براہِ راست نگرانی کر سکیں۔
اسی طرح، فیڈرل ایکسائز ایکٹ 2005 میں کی گئی ترامیم کے مطابق جعلی ٹیکس اسٹیمپ، بار کوڈز، یا لیبلز کے خلاف کارروائی کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے، اور صوبائی و وفاقی حکومتوں کے اہلکاروں کو بھی انفورسمنٹ کا اختیار دیا گیا ہے۔
سینئر ٹیکس وکیل وحید شہزاد بٹ نے ان ترامیم پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان سے ایف بی آر کو غیر معمولی اختیارات حاصل ہو گئے ہیں جو ٹیکس دہندگان کے لیے نوٹس دیے بغیر سخت کارروائی کی اجازت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ترامیم اسلام آباد ہائی کورٹ کے سابقہ فیصلوں کے خلاف ہیں، جن میں واضح کیا گیا تھا کہ سیکشن 138 کے تحت سات روزہ نوٹس دیے بغیر کوئی کارروائی نہیں ہو سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ترامیم ٹیکس نظام میں غیر جانبداری کو متاثر کر سکتی ہیں اور مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری میں رکاوٹ بن سکتی ہیں۔ ان کے مطابق یہ اقدامات ٹیکس وصولی کے بجائے ’ٹیکس ڈکیتی جیسے تاثر کو فروغ دیں گے اور قانونی شفافیت و منصفانہ کارروائی کے اصولوں کے منافی ہیں۔
ٹیکس ماہرین کا کہنا ہے کہ نئے آرڈیننس سے ٹیکس نظام میں شدید بے چینی پیدا ہو سکتی ہے اور عدالتوں کے فیصلوں کو نظرانداز کرنے سے قانونی پیچیدگیاں اور عدالتی تنازعات میں اضافہ ہو گا۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025