وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی بھرپور حمایت پر مبنی بیان پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ ترکیہ کی یکجہتی دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، گہری بنیادیں رکھنے والے اور آزمودہ برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔ یہ بات ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ میں کہی گئی ہے۔
اسلام آباد میں ہفتے کے روز ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اوغلو سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی اشتعال انگیزیوں کا ”ذمہ دارانہ اور نپے تلے“ جواب دینے پر زور دیا ہے۔
وزیر اعظم نے پاکستان کی جانب سے ہر قسم کی دہشت گردی کی واضح مذمت کا اعادہ کرتے ہوئے انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں 90 ہزار قیمتی انسانی جانوں اور 152 ارب ڈالر سے زائد کے معاشی نقصانات سمیت ملک کی بے پناہ قربانیوں کو اجاگر کیا۔
وزیر اعظم نے پہلگام حملے سے پاکستان کو جوڑنے کے ثبوت فراہم کرنے میں ناکامی پر بھارت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور اس کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔
انہوں نے اس واقعے کی ”قابل اعتماد، شفاف اور غیر جانبدار بین الاقوامی تحقیقات“ کے لئے پاکستان کی پیش کش کا اعادہ کیا، مکمل تعاون کا وعدہ کیا اور اس طرح کی تحقیقات میں ترکیہ کی ممکنہ شرکت کی تجویز دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی بحالی کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ علاقائی امن و سلامتی پاکستان کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔
ترکیہ کے سفیر نذیر اوغلو نے پاکستان کے موقف کو سراہتے ہوئے یکجہتی کا اظہار کیا اور جنوبی ایشیا میں استحکام کے تحفظ کے لیے کشیدگی میں کمی اور تحمل سے کام لینے پر زور دیا۔