اپریل 2025 : پاکستان میں 65 برسوں میں دوسرا گرم ترین مہینہ ریکارڈ، محکمہ موسمیات
محکمہ موسمیات کی ماہانہ موسمیاتی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اپریل 2025، 1960 کے بعد سے دوسرا گرم ترین مہینہ رہا، جس کے دوران سندھ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا اور بارشیں اوسط سے 59 فیصد کم ریکارڈ کی گئیں۔
دن (زیادہ سے زیادہ) میں درجہ حرارت 36.40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جو معمول سے 4.66 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہے جبکہ رات کے وقت کم سے کم درجہ حرارت اوسطاً 19.36 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جو 6 دہائیوں میں تیسرا گرم ترین سب سے کم درجہ حرارت ہے۔
17 اپریل کو شہید بینظیر آباد (سندھ) میں پارہ 49.0 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا جبکہ یہاں پر سب سے زیادہ ماہانہ اوسط درجہ حرارت (44.7 ڈگری سینٹی گریڈ) بھی ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے برعکس گلگت بلتستان میں یکم سے 2 اپریل کے دوران درجہ حرارت 0.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور استور سرد ترین مقام (ماہانہ اوسط 5.0 ڈگری سینٹی گریڈ) بن کر ابھرا۔
ملک میں صرف 9.2 ملی میٹر بارش ہوئی جو معمول سے 59 فیصد کم ہے اور یہ 65 پرسوں میں 7 واں خشک ترین اپریل ہے۔
اسکردو (گلگت بلتستان) میں ایک دن میں سب سے زیادہ بارش (20 اپریل کو 62.8 ملی میٹر) اور دیر (خیبر پختونخوا) سب سے زیادہ بارش (99.0 ملی میٹر ماہانہ) ریکارڈ کی گئی لیکن زیادہ تر علاقوں کو خشک حالات کا سامنا کرنا پڑا۔
2 سے 26 اپریل کے درمیان تین مغربی طوفانوں کی وجہ سے خیبرپختونخوا، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں معتدل بارشیں اور ژالہ باری ہوئی لیکن ملک کے جنوبی علاقوں میں ہیٹ ویو کا غلبہ رہا۔
بلوچستان اور سندھ میں 14 سے 20 اپریل اور 26 سے 30 اپریل کے دوران موجود شدید گرم ہوا کے دباؤ نے بالائی سندھ میں درجہ حرارت میں معمول سے 5 تا 7 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیریں سندھ میں 4 تا 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ کا اضافہ کیا جس کے نتیجے میں پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں ”ہیٹ ویو جیسی صورتِ حال“ پیدا ہوئی۔