امریکا نے پہلگام واقعے کے بعد بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان اور بھارت سے مسائل کا ذمہ دارانہ حل نکالنے پر زور دیا ہے۔ واضح رہے کہ پہلگام واقعے کے بعد دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے نیوز بریفنگ میں صحافیوں کو بتایا کہ حکومت مسلسل رابطے میں ہے ہم دونوں فریقوں سے ذمہ دارانہ حل کا مطالبہ کررہے ہیں۔

سیکریٹری روبیو نے دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ جنوبی ایشیا میں طویل مدتی امن اور علاقائی استحکام کو برقرار رکھنے کے لئے ایک ذمہ دارانہ حل کی طرف کام کریں۔ ٹیمی بروس نے کہا کہ ہم دونوں ممالک کی حکومتوں کے ساتھ متعدد سطح پر رابطے میں ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستانی وزیرِاعظم شہباز شریف اور بھارتی وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران خطے میں طویل مدتی امن اور سلامتی کے مفاد میں کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ترجمان ٹیمی بروس نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ اس صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔