بروکریج ہاؤس عارف حبیب لمیٹڈ(اے ایچ ایل) کی جمعے کو جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) نے اپریل 2025 میں 1.46 ملین ٹن کی ریکارڈ سیلز کی ہیں جو گزشتہ سال کے اس مہینے میں ریکارڈ کی فروخت کے مقابلے میں 32 فیصد زیادہ ہے۔

ماہانہ بنیادوں پر اپریل میں او ایم سی کی فروخت میں 20 فیصد اضافہ ہوا جبکہ مارچ 2025 میں یہ تعداد 1.22 ملین ٹن ریکارڈ کی گئی تھی۔

فروخت میں یہ اضافہ ملک میں اقتصادی سرگرمیوں میں بہتری اور طلب میں اضافے کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔

اے ایچ ایل کی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے دس ماہ کے دوران مجموعی فروخت 13.22 ملین ٹن رہی جو مالی سال 2024 ء کے 10 ماہ کے 12.44 ملین ٹن کے مقابلے میں سالانہ بنیادوں پر 6 فیصد اضافے کی عکاسی ہے۔

مصنوعات کے لحاظ سے موٹر اسپرٹ (ایم ایس) یعنی پٹرول کی فروخت اپریل 2025 میں سالانہ بنیادوں پر 24 فیصد اور ماہانہ بنیادوں پر 14 فیصد بڑھ کر 660,000 ٹن ہوگئی۔ اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی فروخت سالانہ بنیادوں پر 33 فیصد اور ماہانہ بنیادوں پر 28 فیصد اضافے کے ساتھ 6 لاکھ 20 ہزار ٹن رہی۔ اپریل 2025 میں فرنس آئل( ایف او) کی فروخت سالانہ بنیادوں پر 182 فیصد اور ایم او ایم 55 فیصد بڑھ کر 80 ہزار ٹن ہوگئی۔

کمپنی کے لحاظ سے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ لسٹڈ اداروں میں اٹک پیٹرولیم (اے پی ایل) کی فروخت اپریل 2025 میں 130,000 ٹن رہی جو سالانہ 28 فیصد اور ماہانہ 20 فیصد اضافہ ہے، جس کی بنیادی وجہ ایف او اور ایچ ایس ڈی کی فروخت میں اضافہ ہے۔

اپریل 2025 میں پاکستان اسٹیٹ آئل کی فروخت 6.20 لاکھ ٹن رہی جو سالانہ بنیاد پر 12 فیصد جبکہ ماہانہ بنیادوں پر 22 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔

وافی انرجی پاکستان لمیٹڈ کی فروخت 1.00 لاکھ ٹن ریکارڈ کی گئی جو سالانہ بنیاد پر 23 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر 14 فیصد اضافہ ہے۔

ہیسکول کی فروخت 50 ہزار ٹن رہی جو کہ سالانہ بنیاد پر 76 فیصد اضافہ اور ماہانہ بنیاد پر 4 فیصد کمی ہے۔