اسحاق ڈار کا پہلگام حملے سے اظہار لاتعلقی، مشترکہ نکات پر تحقیقات کا مطالبہ
- وزیر خارجہ کا اشتعال انگیزی پر بھرپور جواب دینے کا عزم
- بھارتی پروپیگنڈا مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کا جواز پیش کرنے کے لیے پہلے سے تیار کیا گیا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بدھ کے روز پریس کانفرنس کے دوران پہلگام حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کے بھارتی الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ اس واقعے سے پاکستان کا کوئی لینا دینا نہیں۔ انہوں نے مشترکہ نکات (ٹی آو آرز) پر حملے کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنی پریس کانفرنس کا آغازمقبوضہ جموں و کشمیر میں گزشتہ دنوں مسلح افراد کے حملے سے کسی بھی طرح کی وابستگی کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا پہلگام حملے سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، انہوں نے اس بات کا اعادہ بھی کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ کسی بھی تحقیقات میں مشترکہ و متفقہ شرائط و ضوابط (ٹی او آرز) پر عمل کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے الزامات کے وقت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے اقتصادی استحکام کے دوران بھارت یہ صورتحال کیوں پیدا کر رہا ہے؟
اسحاق ڈار الزامات کو پانی کے وسائل پر بڑھتی کشیدگی سے جوڑتے ہوئے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے مودی سرکار پر بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کا الزام بھی لگایا۔
انہوں نے کہا پاکستان کی معشیت اور لاکھوں لوگوں کی معاش کا انحصار زراعت پر ہے، ہم نے اس معاہدے کے تحت تین دریا پہلے ہی چھوڑ دیے ہیں۔ وزیر خارجہ نے بھارتی روش کو روزگار کے لیے خطرہ قرار دیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پانی کے بہاؤ میں کسی بھی تبدیلی کو اعلان جنگ سمجھا جائے گا جس کا بھر پور جواب دینا پاکستان کا حق ہے، تاہم انہوں نے خطے میں جوہری عدم استحکام سے متعلق انتباہ بھی دیا۔وزیر خارجہ نے الزام عائد کیا کہ بھارت سیاسی فائدے کے لئے اس واقعہ کا فائدہ اٹھا رہا ہے۔ اس طرح کے تمام واقعات کو سیاسی فائدے کے لئے استعمال کیا جاتا ہے، اس کے علاوہ بھارت حملے کو سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے بہانے کے طور پر استعمال کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے واضح کر دیا ہے کہ پانی کے بہاؤ کو روکنے یا موڑنے کی کسی بھی کوشش کو جنگ کے مترادف سمجھا جائے گا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت گزشتہ چند دنوں سے انتہائی غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کر رہا ہے۔
وزیر خارجہ نے بھارتی اقدامات کو خطرناک حد تک عدم استحکام پیدا کرنے کا سبب قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی پروپیگنڈے کا مقصد فوجی مہم جوئی ہے اور ایسے اقدامات سے خطے میں بے یقینی اور عدم استحکام پھیل سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اور میں غیر ملکی دورے پر تھے جب حملے کی اطلاع ملی تو ہم واپس آئے اور ہم نے حملے پر تعزیتی بیان جاری کیا۔
بھارتی دعوے من گھڑت بیانیہ ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پہلگام حملے سے متعلق بھارتی دعووں کو مسترد کرتے ہوئے نئی دہلی پر الزام عائد کیا کہ وہ ’مذہب کو نشانہ بنا کر‘ فالس فلیگ آپریشن کر رہا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس کے دوران سوشل میڈیا کی ویڈیوز دکھائیں جن میں اندھا دھند فائرنگ واضح نظر آ رہی تھی جو بھارتی دعوے کے برعکس تھی کہ صرف ہندوؤں کو نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ حملے کے صرف 5 منٹ بعد بھارتی خفیہ ایجنسی کے حمایتی ایک سوشل میڈیا اکاؤنٹ نے بغیر کسی تحقیقات کے پاکستان پر الزام لگا دیا اور بھارتی میڈیا نے بھی اسی بیانیے کو دہرانا شروع کر دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کچھ بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے پہلگام حملے سے ایک دن پہلے ہی پاکستان میں حملوں کا اشارہ دیا تھا۔ پھر واقعے کے بعد انہی اکاؤنٹس نے اسے ”انٹیلی جنس کی کامیابی“ کہہ کر خوشی منائی۔ انہوں نے کہا کہ ایسا ہی رویہ پہلے میانوالی ایئربیس پر حملے، کراچی میں چینی قافلے پر حملے اور جعفر ایکسپریس دھماکے کے بعد بھی دیکھا گیا تھا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کشمیری دیہاتیوں کی ویڈیوز بھی دکھائیں، جنہوں نے اس حملے کا الزام بھارت کی ”انٹیلیجنس ناکامی“ پر لگایا۔ فوٹیج میں ایک شخص سوال کرتا نظر آیا کہ حملے کے وقت سیکیورٹی فورسز کہاں تھیں؟
ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک سابق بھارتی انٹیلیجنس افسر کی ویڈیو کلپ بھی دکھائی، جس میں اس نے اعتراف کیا کہ 2000 میں کلنٹن کے دورہ بھارت کے دوران چٹّی سنگھ پورہ میں 35 سکھوں کا قتل ایک ”خود ساختہ واقعہ“ تھا جس کا مقصد پاکستان پر الزام لگا کر عالمی ہمدردی حاصل کرنا تھا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے انکشاف کیا کہ بھارت نے اپنے تمام ایجنٹس کو پاکستان بھر میں حملوں کی ہدایت دی ہے اور بتایا کہ گزشتہ چند دنوں میں مارے گئے 71 دہشت گرد اسی مقصد کے لیے دراندازی کی کوشش کر رہے تھے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ جنوری 2024 سے اب تک پاکستان کو 3,700 دہشت گرد حملوں کا سامنا کرنا پڑا، جن میں 1,314 افراد شہید اور 2,500 سے زائد زخمی ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے 77,816 انسداد دہشت گردی آپریشنز کیے — اوسطاً روزانہ 192 آپریشنز — جن میں 1,666 دہشت گرد مارے گئے، جن میں 83 اہم اہداف شامل تھے۔“
پاکستانی عسکری اور سفارتی قیادت کی یہ پریس کانفرنس ایک روز بعد ہوئی جب ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی فوج کی دہشت گرد سرگرمیوں میں ادارہ جاتی شمولیت کو ظاہر کرنے والے ریکارڈ شدہ مواصلات اور مادی شواہد پیش کیے۔
اسی سلسلے میں، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بدھ کی صبح خبردار کیا ہے کہ بھارت آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں میں پاکستان پر ممکنہ فوجی حملہ کر سکتا ہے۔
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر (IIOJK) کے پہلگام علاقے میں سیاحوں پر فائرنگ کے نتیجے میں 26 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہو گئے۔ بھارت نے اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا ہے، جب کہ اسلام آباد نے کسی بھی ملوث ہونے کی سختی سے تردید کی ہے۔
یہ واقعہ ایک چراگاہ میں پیش آیا تھا اوراس دوران ہلاک ہونے والوں میں 25 بھارتی شہری اور ایک نیپالی باشندہ شامل تھا۔
اس واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا۔ نئی دہلی نے سندھ طاس معاہدہ معطل کر دیا جبکہ اسلام آباد نے بھارتی پروازوں کے لیے فضائی حدود بند کردی۔
اس سے قبل منگل کے روز پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ دشمنی کی ابتدا نہیں کرے گا لیکن اگر اشتعال دلایا گیا تو پوری قوت سے جواب دیا جائے گا۔