ایک درجن سے زائد چینی کمپنیوں کی اعلیٰ قیادت پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے اسلام آباد پہنچ چکی ہے۔

اعلیٰ سطح وفد پاکستانی حکومت کے اہم عہدیداروں سے ملاقات کرے گا جس میں تعاون اور کاروباری ترقی کے ممکنہ شعبوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ دورہ کرنے والی کمپنیاں مختلف صنعتوں کی نمائندگی کرتی ہیں جن میں ہائی ٹیک مینوفیکچرنگ، نئی توانائی، الیکٹرانکس، ہوا بازی، سیٹلائٹ مواصلات، اسمارٹ ٹیکنالوجیز اور کان کنی شامل ہیں۔

وفد میں شامل اہم ادارہ آل چائنا فیڈریشن آف انڈسٹری اینڈ کامرس (اے سی ایف آئی سی) ہے، جو چین کے نجی شعبے کی نمائندہ تنظیم ہے اور قومی سطح پر صنعت، تجارت، ٹیکنالوجی اور پالیسی ایڈووکیسی میں فعال کردار ادا کرتی ہے۔

اے سی ایف آئی سی کے تحت کام کرنے والے چیمبر آف کامرس فار ہائی ٹیکنالوجی اینڈ ایکوپمنٹ انڈسٹری کا مقصد چین کے جدید صنعتی اداروں کو پالیسی معاونت فراہم کرنا اور بین الاقوامی شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔

نئی توانائی کے شعبے میں سرگرم چائنا الیکٹرک ایکوپمنٹ مینجمنٹ ایسوسی ایشن کی نیو انرجی آپریشنز کمیٹی نے پاکستان میں شمسی، ہوا اور پن بجلی سے توانائی کے حصول کے منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

چائنا جنہوا (یی وو) وینژو جنرل چیمبر آف کامرس پاکستان-چین فری ٹریڈ زون کی ترقی میں فعال ہے اور پاکستان میں صنعتوں کے قیام کے لیے تعاون کر رہا ہے۔

پریسائز ڈیولپمنٹ (ہانگ کانگ) لمیٹڈ اے سی ایف آئی سی کی صنعتی حکمت عملی اور چیمبر کے نیٹ ورک کو مربوط کرنے والا ادارہ ہے، جو پاکستان میں پالیسی، صنعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔

ژیان یو فے الیکٹرانک ٹیکنالوجی کمپنی نے پاکستان میں یو اے وی ٹیکنالوجی کے لیے جدید کمیونی کیشن حل فراہم کرنے کی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ کمپنی کے پاس 58 پیٹنٹس موجود ہیں۔

رونگ ژی ہانگ انفارمیشن ٹیکنالوجی (سوزہو) کمپنی سول ایوی ایشن کے پرزے جیسے بشنگ اور کلیمپس تیار کرتی ہے اور پاکستان میں طیارہ سازی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے۔

سیچوان اینڈی ٹیکنالوجی انڈسٹریل کمپنی سیٹلائٹ کمیونی کیشن، ڈرونز اور وی سیٹ سسٹمز میں مہارت رکھتی ہے اور پاکستان کے ٹیلی کمیونی کیشن انفراسٹرکچر میں شراکت کی خواہاں ہے۔

ہیفے چانگ وی ژی شوان ٹیکنالوجی کمپنی اسمارٹ ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سلوشنز میں کام کر رہی ہے اور پاکستان میں ڈیجیٹل انڈسٹریل سلوشنز فراہم کرنے کی خواہشمند ہے۔

بیجنگ شیاوٹن پائی ٹیکنالوجی کمپنی طبی مقاصد کے لیے انفراریڈ تھرمل امیجنگ ڈیوائسز تیار کرتی ہے اور پاکستان کے صحت کے شعبے میں پارٹنرشپ پر غور کر رہی ہے۔

بیجنگ ہانگ شنگ ٹرانسمیشن ٹیکنالوجی کمپنی ایرو اسپیس، ایوی ایشن اور میرین ٹیکنالوجی میں استعمال ہونے والے سروو سسٹمز اور الیکٹرو آپٹیکل آلات تیار کرتی ہے۔

نئی توانائی کے شعبے میں ژونگکے ہونگتائی (آنہوئی) کمپنی پاکستان میں قابلِ تجدید توانائی کے پلانٹس، پی وی ماڈیولز اور انرجی اسٹوریج بیٹریوں کی تیاری کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے۔

بیجنگ ماسٹرفل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کمپنی تانبے کی کان کنی میں سرگرم ہے اور پاکستان میں مائننگ کے شعبے میں سرمایہ کاری پر غور کر رہی ہے۔

چینی وفد کی مختلف حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں متوقع ہیں جن میں باہمی تجارت، صنعتی تعاون اور پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی پر بات چیت ہوگی۔ اس دورے کو چین-پاکستان اقتصادی تعاون کو نئی جہت دینے کی اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025