پاکستان

442 عازمین حج کو لے کر پہلی حج پرواز اسلام آباد سے روانہ

  • کوئٹہ سے پہلی پرواز پی کے 7201 بھی صبح 10 بجے 170 زائرین کو لے کر روانہ ہوئی۔
شائع اپ ڈیٹ

عازمین حج کو سعودی عرب لے جانے والی پہلی پرواز پی آئی اے کے طیارے پی کے-713 کے ذریعے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے مدینہ کے لیے روانہ ہوگئی۔

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف، پاکستان میں سعودی سفیر نواف المالکی اور پی آئی اے کے سی ای او ایئر وائس مارشل عامر حیات نے 442 عازمین کو رخصت کیا۔

اسی طرح کوئٹہ سے پہلی حج پرواز پی کے-7201 صبح 10 بجے روانہ ہوئی، جس میں 170 عازمین سوار تھے۔

لاہور سے پہلی حج پرواز پی کے-747 بھی رات 10 بجے مدینہ کے لیے روانہ ہوگی، جس میں 323 مسافر شامل ہوں گے۔

پی آئی اے اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، ملتان اور کوئٹہ سے براہ راست حج پروازیں چلائے گی اور سرکاری اسکیم کے تحت 35,200 عازمین کو 117 سے زائد خصوصی پروازوں کے ذریعے مقدس سرزمین پہنچائے گی۔

پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 31 مئی تک جاری رہے گا، جب کہ بعد از حج آپریشن 10 جون سے شروع ہو گا اور 10 جولائی کو اختتام پذیر ہو گا۔

دریں اثنا، سعودی حکام پر مشتمل ایک وفد پیر کو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچا، جو عازمین حج کے سفر کی سہولت کاری کے لیے ذمہ دار ہے۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق یہ وفد جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آٹھ کاؤنٹرز پر خدمات فراہم کرے گا۔

حکومتی حج اسکیم کے تحت 89,000 عازمین کو 342 پروازوں کے ذریعے مکہ اور مدینہ روانہ کیا جائے گا۔

آپریشن کے ابتدائی 15 دنوں کے دوران عازمین کو براہ راست مدینہ روانہ کیا جائے گا۔ حج پروازوں کا سلسلہ 33 دن تک جاری رہے گا، جب کہ پاکستان سے آخری حج پرواز 31 مئی کو روانہ ہوگی۔