صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں پولیس حکام نے کہا ہے کہ پیر کے روز دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کے دھماکے میں کم از کم سات افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق دیسی ساختہ بم وانا بازار میں امن کمیٹی کے ایک مقامی رہنما کے دفتر میں نصب کیا گیا تھا اور اسے ریموٹ کے ذریعے دھماکے سے اڑایا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زوردار دھماکے سے دفتر زمین بوس ہو گیا جس کے نتیجے میں امن کمیٹی کے سربراہ کمانڈر سیف الرحمان سمیت متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔

ریسکیو آپریشن جاری ہے اور تمام زخمیوں کو طبی امداد کے لیے وانا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی ارواح کے لیے دعا کی اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعظم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بے گناہ اور نہتے شہریوں کو نقصان پہنچانے والے انسانیت کے دشمن ہیں اور انہیں اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔

انہوں نے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے حکومت اور سیکورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔