فنانس ڈویژن کے باخبر ذرائع نے بزنس ریکارڈر کو بتایا وزارت خزانہ نے پاور ڈویژن کو آگاہ کیا ہے کہ مالی سال 26-2025 کے لیے توانائی شعبے کی سبسڈی کا انحصار مالی گنجائش کی دستیابی پر ہوگا۔

پاور ڈویژن نے ”ای ایف ایف 27-2024 کے لیے ایم ای ایف پی – مالی سال 26-2025 کے لیے گردشی قرضے کا ہدف“ کے عنوان سے ایک خط میں آئندہ مالی سال کے لیے سبسڈی کی ممکنہ مختص رقم طلب کی تھی تاکہ گردشی قرضے کے فرق کو پورا کیا جا سکے۔

وزارت خزانہ کے کارپوریٹ فنانس (سی ایف) ونگ کے مطابق مالی سال 26-2025 میں توانائی شعبے کے لیے بجٹ مختص کرنے کا عمل معمول کے بجٹ طریقہ کار کے تحت، بجٹ ونگ اور سی ایف ونگ کے ساتھ مشاورت سے، موجودہ مالی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مکمل کیا جائے گا۔

ایڈوانس سبسڈی کے معاملے پر، وزارت خزانہ پہلے ہی پاور ڈویژن کے ساتھ اپنا مؤقف واضح کر چکی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ نے پاور ڈویژن کی جانب سے 224 ارب روپے کی ایڈوانس سبسڈی جاری کرنے کی تجویز کی تائید نہیں کی، یہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہ پہلے ہی کافی فنڈز فراہم کیے جا چکے ہیں۔

پاور ڈویژن نے 25 مارچ 2025 کو وزارت خزانہ کو ایک مسودہ سمری بھیجی تھی تاکہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کو پیش کر کے ایڈوانس سبسڈی کی منظوری حاصل کی جا سکے۔ تاہم وزارت خزانہ نے جواب دیا کہ پہلے ہی 633 ارب روپے مختلف بجٹ مدات کے تحت پاور ڈویژن کی ضروریات کے مطابق مختص کیے جا چکے ہیں۔

وزارت خزانہ کے مطابق 25-2024 کے جاری مالی سال کے دوران ڈیمانڈ نمبر 45 کے تحت 509 ارب روپے مختص کیے گئے، جن کی تفصیل درج ذیل ہے: (i) ٹی ڈی ایس-کے ای (واجبات) 88 ارب روپے؛ (ii) فاٹا (واجبات) 86 ارب روپے؛ (iii) اضافی سبسڈی 120 ارب روپے؛ اور (iv) جی پی پیز/آئی پی پیز (ایکوئٹی) 215 ارب روپے۔

وزارت خزانہ نے مزید کہا کہ بجٹ میں توانائی شعبے کی مالی ضروریات کے لیے کافی فنڈز دستیاب ہیں اور یہ بھی سفارش کی کہ یہ فنڈز بجٹ میں مختص کردہ مدات کے مطابق ہی استعمال کیے جائیں۔ لہٰذا، وزارت خزانہ نے 171 ارب روپے کی ایڈوانس سبسڈی یا ایکوئٹی کے طور پر فراہمی کی حمایت نہیں کی۔

البتہ 174 ارب روپے ”ٹی ڈی ایس-کے ای اور فاٹا کے واجبات“ کی مد میں تصدیق شدہ دعووں کے تحت جاری کیے جا سکتے ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ وزارت خزانہ کی سفارشات درج ذیل نکات پر مبنی ہیں: 264 ارب روپے کی وہ رقم جو گزشتہ سالوں میں ٹی ڈی ایس-ڈسکوز کے لیے ایڈوانس سبسڈی کے طور پر جاری کی گئی تھی، اب تک اصل دعووں کے مقابلے میں ایڈجسٹ نہیں کی گئی۔

تفصیلات درج ذیل ہیں:

  • کووڈ-19 امدادی پیکج/ٹی ڈی ایس ڈسکوز: 106.890 ارب روپے ایڈوانس، 91.107 ارب روپے کے دعوے، باقی 15.783 ارب روپے؛
  • وزیراعظم ریلیف پیکج/ٹی ڈی ایس ڈسکوز: 69.225 ارب روپے ایڈوانس، 60.437 ارب روپے کے دعوے، باقی 8.788 ارب روپے؛
  • مالی سال 22-2021 کے مستقبل کے دعوے: 100 ارب روپے ایڈوانس، کوئی دعویٰ نہیں؛
  • مالی سال 22-2021 کے لیے اضافی 50 ارب روپے ایڈوانس، کوئی دعویٰ نہیں؛
  • سیلاب ریلیف پیکج: 24 ارب روپے ایڈوانس، کوئی دعویٰ نہیں؛
  • سیلاب ریلیف پیکج کا ایک اور حصہ: 10.340 ارب روپے ایڈوانس، کوئی دعویٰ نہیں؛
  • نومبر 2020 تا اکتوبر 2023 کی مدت کے لیے نظرثانی شدہ دعوے: 55.487 ارب روپے ایڈوانس، کوئی دعویٰ نہیں۔

مجموعی طور پر 415.942 ارب روپے ایڈوانس دیے گئے تھے جن میں سے 151.544 ارب روپے دعوے کیے گئے اور 264.398 ارب روپے کا بیلنس باقی ہے۔

وزارت خزانہ نے یہ بھی بتایا کہ دسمبر 2024 تک ٹی ڈی ایس-کے الیکٹرک کی مد میں جاری کردہ 170 ارب روپے کی ایڈوانس سبسڈی بھی تاحال ایڈجسٹ نہیں کی گئی۔

ای سی سی نے 15 اکتوبر 2020 اور 16 جولائی 2021 کے فیصلوں میں ہدایت کی تھی کہ سبسڈی دعووں کی ری کنسیلیشن کی جائے، جو اب تک مکمل نہیں ہوئی۔

مالی سال 24-2023 کے آڈٹ کے دوران آڈیٹر جنرل پاکستان (اے جی پی) نے نشاندہی کی کہ کے-الیکٹرک کے ٹی ڈی ایس کے لیے فراہم کردہ پچھلی ایڈوانس سبسڈی کو ایڈجسٹ کیے بغیر نئی ایڈوانس سبسڈی جاری کر دی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ نے حالیہ دنوں پاور ڈویژن کو مشورہ دیا ہے کہ تیسرے فریق کے ذریعے ری کنسیلیشن کرائی جائے تاکہ قابل ادائیگی اور قابل وصول رقم کی درست صورتحال معلوم کی جا سکے، خاص طور پر بعض اداروں کی مجوزہ نجکاری کے تناظر میں یہ ضروری ہے۔

وزارت خزانہ نے مزید کہا کہ مالی سال 25-2024 کی پہلی تین سہ ماہیوں کے لیے تحفظ شدہ صارفین کو دی گئی سبسڈی، پی ایس ڈی پی 25-2024 میں بچتوں کے ذریعے فراہم کی جائے گی جیسا کہ کابینہ نے فیصلہ کیا تھا، اور تکنیکی ضمنی گرانٹ (ٹی ایس جی) کے تحت پاور ڈویژن کے لیے سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

وزارت خزانہ کا مؤقف ہے کہ فنڈز کو تصدیق شدہ دعووں کے مطابق استعمال کیا جائے اور اس مقصد کے لیے ایڈوانس سبسڈی فراہم کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025