وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ہفتہ کے روز ترکیہ کے وزیر خارجہ حاکان فیدان سے اہم ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں بھارت کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں دوطرفہ یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ یہ بات دفتر خارجہ سے جاری ایک بیان میں کہی گئی ہے۔
بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں کی گفتگو میں بھارت کے ”بے بنیاد الزامات، یکطرفہ اقدامات اور جھوٹے پروپیگنڈے“ کے خلاف پاکستان کے ردعمل پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس کا حوالہ حالیہ قومی سلامتی کمیٹی (این ایس سی) کے فیصلوں سے دیا گیا۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسحاق ڈار نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، گہرے اور برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے ترکیہ کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال میں تبدیلی کے ساتھ ساتھ ”قریبی تعاون“ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔