کراچی ٹیکس بار ایسوسی ایشن (کے ٹی بی اے) نے کراچی میں ایف بی آر کے فیلڈ دفاتر کی جانب سے اپنائے گئے طریقہ کار پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے جن کے بارے میں بار کا کہنا ہے کہ یہ کاروبار میں خلل ڈال رہے ہیں اور قانونی پابندیوں کو نقصان پہنچارہے ہیں۔
وفاقی وزیر خزانہ اور چیئرمین ایف بی آر کو بھیجے گئے خط میں کراچی ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے الزام عائد کیا ہے کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران نئے سیلز ٹیکس رجسٹریشنز کی پراسیسنگ عملاً بند ہو چکی ہے، جس سے ان کاروباری اداروں کے لیے رکاوٹیں پیدا ہورہی ہیں جو اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری کرنا چاہتے ہیں۔
بار نے الزام عائد کیا کہ ایف بی آر کے فیلڈ دفاتر ایسے دستاویزات طلب کررہے ہیں جو سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کی شق 14 اور اس سے متعلقہ قواعد و ضوابط کے خلاف ہیں۔
کے ٹی بی اے نے کہا ہے کہ ایف بی آر کی فیلڈ فارمیشنز قانونی دائرہ کار سے باہر کام کررہی ہیں اور رجسٹریشن کے خواہشمند ٹیکس دہندگان پر بلاجواز بوجھ ڈال رہی ہیں۔ بار نے مزید کہا کہ ان تاخیر کے نئے کاروبار پر سنگین معاشی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
ٹیکس بار نے ان اقدامات پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے جنہیں اس نے اختیاری اور غیرشفاف کارروائیاں قرار دیا ہے جن کے تحت رجسٹرڈ کاروبار کو معطل یا بلیک لسٹ کیا جارہا ہے۔ کے ٹی بی اے کے مطابق، یہ اقدامات سپریم کورٹ کے نمایاں مقدمات، بشمول ایگل کیبلز (CPLA 2400-L/2022) اور اسکائی پیک انٹرپرائزز (CPLA 682/2017) کے فیصلوں کے منافی ہیں۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ان طریقۂ کار نے تجارتی برادری میں وسیع پیمانے پر عدم اطمینان اور منفی رجحانات کو جنم دیا ہے اور کچھ معاملات فیلڈ دفاتر میں ناخوشگوار واقعات تک پہنچ چکے ہیں۔ کے ٹی بی اے نے خبردار کیا کہ یہ مسائل ایف بی آر کے ادارہ جاتی اعتماد کو کمزور کر رہے ہیں اور ایسے حالات پیدا کر رہے ہیں جو ”استحصال اور کرپشن“ کے لیے سازگار ہیں۔
کے ٹی بی اے نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے اس سے قبل مارچ کے اوائل میں ایف بی آر کے ساتھ رابطے کی کوشش کی تھی لیکن کوئی جواب نہیں ملا تھا اور مزید کہا کہ سیلز ٹیکس ریٹرن فائل کرنے کی آخری تاریخ میں حالیہ توسیع ٹیکس انتظامیہ کے نظام میں آپریشنل عدم استحکام کا خاموش اعتراف ہے۔
مزید برآں، کے ٹی بی اے نے تین محاذوں پر فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے: لازمی ٹائم لائنز کے ساتھ نئی سیلز ٹیکس رجسٹریشن کو دوبارہ شروع کرنا، من مانی معطلی کے طریقوں کو ختم کرنا اور مستقل مسائل کو حل کرنے کے لئے اسٹیک ہولڈرز کو شامل کرنا ہیں۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2025